Dawn News Television

شائع 09 اکتوبر 2019 09:12pm

ٹوئٹر کا صارفین کے فون نمبر اشتہارات کیلئے استعمال کرنیکا اعتراف

ٹوئٹر نے اپنے صارفین کی جانب سے ٹو فیکٹر اتھنٹکیشن کے لیے موبائل فون نمبر کا اندراج کیا جاتا ہے مگر اس کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے غیردانستہ طور پر ان نمبروں کو دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس کی جانب سے غیردانستہ طور پر صارفین کے فون نمبروں اور ای میل ایڈریسز کو اشتہاری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا حالانکہ یہ معلومات ٹو فیکٹر اتھنٹکیشن کے لیے فراہم کی گئی تھی۔

ٹوئٹر کے مطابق کسی صارف کا ذاتی ڈیٹا تھرڈ پارٹی شراکت داروں سے شیئر نہیں کیا گیا اور ڈیٹا کے اس غلط استعمال کی وجہ بننے والے مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 17 ستمبر سے فون نمبروں اور ای میل ایڈریسز کو محض سیکیورٹی مقاصد کے لیے اکٹھا کیا جارہا ہے۔

بلاگ پوسٹ میں جاری بیان میں مزید کہا گیا 'ہم یہ فی الحال تعین سے نہیں کہہ سکتے کہ کتنے افراد اس سے متاثر ہوئے، ہم اس پر اپنے صارفین سے معافی مانگتے ہیں اور ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے کبھی نہ ہوسکے'۔

گزشتہ برسوں کے دوران فیس بک کو صارفین کی پرائیویسی کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا رہا ہے مگر ٹوئٹر بھی تنازعات سے پاک سوشل میڈیا سائٹ نہیں اور وہاں بھی صارفین کی پرائیویسی کے حوالے سے مسائل سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ ماہ ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کا اپنا اکاﺅنٹ ہیکرز نے ہیک کرکے اس پر نسل پرستانہ پیغامات پوسٹ کیے۔

اسی طرح مئی 2018 میں ٹوئٹر نے اپنے تمام صارفین کو پاس ورڈ بدلنے کا مشورہ دیا تھا جس کی وجہ ایک بگ کی دریافت تھی جس نے تمام صارفین کے پاس ورڈ پلین ٹیکسٹ میں ظاہر کردیئے تھے۔

مگر اس وقت بھی ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ ان پاس ورڈ کو کسی قسم غلط استعمال کے لیے نہیں کیا گیا۔

Read Comments