Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2019 12:36am

صدر مملکت کی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ میں کمنٹری

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ کمنٹری کے فرائض بھی انجام دیے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ کے مہمان خصوصی صدر پاکستان عارف علوی تھے جنہوں نے دونوں ٹیموں سے ملاقات کی۔

میچ کے دوران ایک موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کے ہمراہ کمنٹری کے فرائض بھی انجام دے کر اس ٹی20 میچ کو یادگار بنا دیا۔

اس میچ کو چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی کے لیے 'پنک ڈے' سے منسوب کیا گیا تھا اور اسی سلسلے میں صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو گلابی رنگ کے ربن لگائے۔

پنک ڈے سےمنسوب میچ میں گلابی رنگ نمایاں نظر آیا اور باؤنڈریز پر لگے بورڈ اور پانی پلانے والی گاڑی سمیت اسٹیڈیم میں نصب تمام اہم چیزوں کو پنک کلر سے رنگ دیا گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے چیریٹی کے لیے گلابی رنگ کی بڑی گیند پر دستخط کیے جبکہ اسٹیڈیم میں اس دن کی مناسبت سے کئی تماشائی بھی پنک کلر کی شرٹس پہن کر آئے تھے۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جلد پاکستان میں مکمل طور پر عالمی کرکٹ بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں پنک ڈے منانے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا مشکور ہوں اور ساتھ ساتھ خواتین کو ہدایت کی کہ وہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے خود خیال رکھیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے اب پرامن ملک ہے اور کرکٹ کا پاکستان میں نہ ہونا زیادتی ہے، لیکن ہم سری لنکن ٹیم کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان آ کر ہمارے سونے میدانوں کو آباد کیا۔

Read Comments