معروف اداکار پر 12 خواتین کو ’تھرڈ ڈگری‘ جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام
فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ ’آسکر‘ سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کرنے والے 51 سالہ ہولی وڈ اداکار کیوبا گڈنگ جونیئر پر کم سے کم 12 خواتین کی جانب سے لگائے گئے تیسرے درجے کی جنسی ہراسگی کے الزامات کے تحت مقدمہ کی سماعت شروع ہوگئی۔
کیوبا گڈنگ جونیئر پر رواں برس جون میں ابتدائی طور پر چند خواتین نے رضامندی کے بغیر نائٹ کلب میں جنسی طور پر مخصوص اعضا کو چھونے، گال پر بوسہ دینے اور چھاتی کو پکڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔
بعد ازاں ان کے خلاف دیگر خواتین نے بھی تھرڈ ڈگری کے جنسی ہراسگی کے الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار نے انہیں بھی نائٹ کلبز و ڈانس کلبز میں نامناسب انداز سے رضامندی کے بغیر چھوا۔
اداکار پر الزاما تھے کہ انہوں نے 2010 سے 2018 کے درمیان امریکا کے کم سے کم تین مختلف شہروں کے نائٹ و ڈانس کلبز میں خواتین کو چھاتی، گال، جنسی اعضا اور جسم کے دیگر حصوں کو رضامندی کے بغیر چھوا۔
اداکار نے الزامات سامنے آتے ہی ان کی تردید کی تھی، تاہم بعد ازاں ان کے خلاف نیویارک کے علاقے منہٹن کی عدالت میں خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔