Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019 09:42pm

پاکستان میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد کی کراچی آمد

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں بنگلہ دیش کا سیکیورٹی وفد انتظامات اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کراچی پہنچ گیا۔

سری لنکا کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مستقل واپسی کی راہ ہموار ہونے لگی ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے بنگلہ دیش کی میزبانی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

پاکستان میں شیڈول سیریز کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد آج کراچی پہنچ گیا۔

بنگلہ دیش کے 4 رکنی سیکیورٹی وفد میں میں کرنل عتیق الزماں، کمانڈر رحیم حسین، محمد شریف اور راسل رانا شامل ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنر ذاکر خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

بنگلہ دیشی وفد کو جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم اور شہر قائد میں سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی اور انہیں اس دوران سری لنکا کے دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے فول پروف انتظامات کی بھی تفصیلات بتائی جائیں گی۔

سیکیورٹی وفد ہفتے کو لاہور کا دورہ کر کے قذافی اسٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لے گا جس کے بعد اتوار کو راولپنڈی اور اسلام آباد کا دورہ کرایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر16 ٹیموں کے درمیان سیریز راولپنڈی اور اسلام آباد میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے بھی رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی سینئر ٹیموں کے درمیان سیریز آئندہ سال جنوری میں شیڈول ہے جہاں سیریز کے پاکستان میں انعقاد کا انحصار بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد کی رپورٹ اور بنگلہ دیشی حکومت کی منظوری پر ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور کئی مواقعوں پر پاکستان آنے کی حامی بھی بھری تھی لیکن پھر سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر بنگلہ دیش نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

بنگلہ دیشی بورڈ کی اس سرد مہری پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے سیریز کے لیے ٹیم بنگلہ دیش بھیجنے سے انکار کردیا تھا تاہم جنوری میں سیریز کے انعقاد کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط بحال ہو سکتے ہیں۔

Read Comments