Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2019 04:18pm

پاکستانی مرد حضرات کے لیے میکال ذوالفقار کی ’ہیڈلائنز‘

اس میں کوئی شک نہیں گزشتہ چند سال سے میک اپ اور فیشن کے حوالے سے مرد بھی خواتین کا مقابلہ کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑتے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں بھی آئے دن مرد حضرات کی بیوٹی سیلون میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اگرچہ پاکستان میں پہلے ہی مرد حضرات کے لیے متعدد نامور ’بیوٹی سیلونز‘ کام کر رہی ہیں، تاہم اب فیشن آئیکون میکال ذوالفقار بھی ایک بیوٹی سیلون کھولنے جا رہے ہیں۔

جی ہاں، فیشن اور اسٹائل کی دنیا میں منفرد نام رکھنے والے اداکار میکال ذوالفقار جلد ہی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مرد حضرات کے لیے ’ہیڈلائنز فار مین‘ کے نام سے بیوٹی سیلون کھولنے جا رہے ہیں۔

بیوٹی سیلون کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے آخر تک ان کی سیلون مرد حضرات کو خوبصورت اور فیشن ایبل بنانے کا کام شروع کردے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مرد حضرات کے ماہر بیوٹیشنز کے ساتھ کام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اور ان کے بیوٹی سیلون میں ہر طرح کے ہئر اسٹائل اور بیوٹی فیشل کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

میکال ذوالفقار کے مطابق وہ ایک منفرد انداز کی جدید ترین ’مینز بیوٹی سیلون‘ کھولنے جا رہے ہیں، جہاں پر مرد حضرات کے ہر طرح کے ہیئر اسٹائل اور پرابلمز کا حل موجود ہوگا اور ساتھ ہی وہاں پر مینز میک اپ کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

واضح رہے کہ میکال ذوالفقار سے قبل بھی متعدد اداکار مرد حضرات کے فیشن اور اسٹائل کے حوالے سے کاروبار کرتے آ رہے ہیں جب کہ متعدد اداکارائیں بھی خواتین کے فیشن و میک اپ برانڈ چلاتی ہیں۔

پاکستانی اداکاروں کی طرح بولی وڈ اور ہولی وڈ کے اداکار بھی مرد و خواتین کے فیشن و میک اپ برانڈ چلاتے ہیں اور ایسے کاروبار کو انتہائی منافع بخش سمجھا جاتا ہے۔

Read Comments