Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2019 06:24pm

سعودی عرب جانے کیلئے بھارتی وزیراعظم کی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست مسترد

وزیر خارجہ شاہ محمود قریسی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد نے نئی دہلی کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

بھارتی حکومت نے 28 اکتوبر کو پاکستان سے نریندر مودی کے لیے فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست دی تھی، بھارتی وزیراعظم نے 29 اکتوبر کو سعودی عرب میں ہونے والے عالمی کاروباری کانفرنس میں شرکت کرنی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ 'یہ فیصلہ آج کے یوم سیاہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر کو تحریری طور پر اس فیصلے سے آگاہ کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان بھی 28 اکتوبر کو ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ستمبر کے مہینے میں بھی نریندر مودی کے جرمنی کے سفر کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی بھارتی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال، ہندوستان کا رویہ، جو ظلم و بربریت اور وہاں ہونے والی حق تلفیوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہم ہندوستان کے وزیر اعظم کو اجازت نہیں دیں گے’۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی قوانین کے تحت پابند ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے اگر اس کو مسترد کردیا گیا تو بھارت انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن سے اپیل کرسکتا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑسکتا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی قبضے کے 72 برس مکمل ہونے پر 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔

Read Comments