پاکستان

پاکستان اور کیوبا میں سرکاری، سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی ضرورت ختم کرنے کا معاہدہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے کیوبا کے نائب صدر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
|

پاکستان اور کیوبا کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ کے لیے ویزا کی ضرورت کو ختم کرنے کا معاہدہ ہوگیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوبا کے نائب صدر روبرٹو مورالس اوجیدا سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوبا کے نائب صدر کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے وفد سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان اور کیوبا کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی، ساتھ ہی انہوں نے اکتوبر 2005 کے زلزلے کے بعد کیوبا کی جانب سے بے مثال حمایت پر پاکستان کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں کیلئے اب کینیڈا کے اسٹوڈنٹ ویزا کا حصول ’3 ہفتوں میں ممکن‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کیوبا کے لیے صحت اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔

ملاقات کے دوران بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں کیوبا کی جدیدت کی تعریف کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے جان بچانے والی ویکسین کی پیداوار کے لیے تحقیق اور تیاری میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی تجویز دی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے معاشی تعاون اور لوگوں سے لوگوں کا رابطہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام پر بریفنگ بھی دی، اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے پر کیوبا کو سراہا۔

علاوہ ازیں ملاقات میں وزیرخارجہ نے کیوبا کے سفارتکاروں کو پاکستان کی فارن سروسز اکیڈمی میں تربیتی مواقع فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی۔

اس ملاقات کے بعد پاکستان اور کیوبا کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ کے لیے ویزا کی ضرورت ختم کرنے کے لیے معاہدہ ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی نئی پالیسی جاری، 48 ممالک کو ویزا فری کردیا

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور کیوبا کے نائب صدر کی موجودگی میں پاکستان کی جانب سے سیکریٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان جبکہ کیوبا کی طرف سے پاکستان میں تعینات کیوبن سفیر گیبریل نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس معاہدے سے دونوں ممالک کے حکام کو سفری سہولیات میسر ہوں گی اور دونوں ممالک کے سفارتی، خصوصی یا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ویزا معاہدے سے پاکستان اور کیوبا کے مابین دو طرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی جبکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔