Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 نومبر 2019 04:57pm

کوئٹہ: فائرنگ کے تبادلے میں 3 'دہشت گرد' ہلاک، سی ٹی ڈی

کوئٹہ کے نواحی علاقے غبرگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران 3 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی اور حساس اداروں نے مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم گاڑی نہ رکی جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشتبہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے عہدیدار نے نام نہ ظاہر کی شرط پر بتایا کہ مبینہ دہشت گرد افغان شہری تھے اور وہ کوئٹہ کے علاقے کچلاک ٹاؤن میں دہشت گردی میں بھی ملوث تھے۔

واضح رہے کہ رواں سال 16 اگست کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کی ایک مسجد میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق مسجد میں دھماکا نماز جمعہ کے بعد ہوا تھا اور حملے میں امام مسجد بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا جبکہ دوسرے خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا تھا۔

اس دوران فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار عبدالطیف اور محمد شریف زخمی بھی ہوگئے جنہیں بعد ازاں لورالائی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

Read Comments

افسانہ : تیسرے پہر کا خواب

ایک ویٹر کو کبھی سچی محبت نہیں مل سکتی۔ اب بھلا جس آدمی کو مکمل کھانا نہ مل سکے اسے مکمل محبت کس طرح مل سکتی ہے؟