لورالائی: سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں 2 خودکش بمبار ہلاک

19 اکتوبر 2019
ایک حملہ آور فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ دوسرے نے خود کو اڑالیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایک حملہ آور فائرنگ سے ہلاک ہوا جبکہ دوسرے نے خود کو اڑالیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرے خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔

اس دوران فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار عبدالطیف اور محمد شریف زخمی بھی ہوگئے جنہیں بعد ازاں لورالائی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف لورالائی کے قریب لورالائی ٹاؤن کے مضافات میں کلی کوار کے علاقے میں چیک پوسٹ پر ایک سی اہلکار موجود تھے، جہاں انہوں ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے رکنے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

مزید پڑھیں: لورالائی: پولیس لائنز میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، 3 حملہ آور ہلاک

ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی اور موسمی دریا کے قریب پناہ لے لی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا۔

بعدازاں انکاؤنٹر کے دوران ایک خودکش بمبار مارا گیا جبکہ دوسرے نے اپنے جسم سے جڑی بارودی جیکٹ سے خود کو اڑا لیا۔

اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میںموجود محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں عسکریت پسندوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں اور بظاہر وہ لورالائی میں کسی ایک مقام پر حملہ کرنے کا منصوبہ کر رہے تھے۔

تاہم ان کا کہنا تھا سیکیورٹی فورسز نے خودکش بمباروں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔

یہ بھی پڑھیں: لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 4 اہلکار شہید

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ دستی بم، اے کے 47 رائفلز اور راؤنڈ سمیت اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔

علاوہ ازیں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال لورالائی میں نصف درجن دہشت گرد حملے ہوئے ہیں، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہوئے، لورالائی میں ان حملوں میں فرنٹیئر کور ٹریننگ سینٹر، ڈی آئی جی آفس اور پولیس لائن کو نشانہ بنایا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں