چکر بن سلمان اور بنتِ لوہان کا
پہلے ہی بتادیں کہ ہماری یہ تحریر کسی ذاتی معاملے یا کردار سے متعلق نہیں بلکہ خالصتاً ’فارن افیئر‘ کے بارے میں ہے۔ اب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی امریکی اداکارہ و گلوکارہ لنزے لوہان سے ’دوستی‘ کو ’فارن افیئر‘ ہی کہیں گے ناں!
بہت دنوں سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ محمد بن سلمان امریکی خاتون کو اپنے طیارے پر دنیا دکھاتے رہے ہیں، انہیں دیگر تحائف کے ساتھ بطور تحفہ کریڈٹ کارڈ بھی دے چکے ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے رابطے میں رہتے ہیں۔
تاہم لنزے لوہان کے ’پاپا جانی‘ مائیکل لوہان نے وضاحت کی اور محمد بن سلمان کے ساتھ اپنی بیٹی کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے اس تعلق کو ’روحانی‘ اور ’پاک محبت‘ پر مبنی قرار دیا۔
مائیکل صاحب کا کہنا ہے کہ دونوں شخصیات کا باہمی تعلق محض اس بنا پر قائم ہوا کہ لنزے لوہان مشرق وسطیٰ میں لوگوں اور خاص طور پر مہاجرین کی مدد کے لیے کام کر رہی ہیں۔ جب والد محترم سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں محمد بن سلمان کے مبیّنہ طور پر ملوث ہونے کی بابت سوال کیا گیا تو انہوں نے فرمایا، ’اس حوالے سے کچھ ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ لنزے کہتی ہے کہ وہ اچھے انسان ہیں۔’
دوستی ہم مزاجی، یکساں صفات و عادات اور مشترکہ مشاغل سے جنم لیتی ہے، سو محمد بن سلمان اور لنزے لوہان کے درمیان یہ تعلق ہونا بھی چاہیے۔ دونوں اپنی ذات میں انجمن ہیں۔ امریکی اداکارہ، گلوکارہ بھی ہیں، نغمہ نگار بھی، بزنس وومن اور فیشن ڈیزائنر بھی، وہ فلم ساز بھی ہیں اور سماجی کارکن بھی۔
بھائی محمد بن سلمان تو پورا سعودی عرب ہیں، ولی عہد ہیں، نائب وزیرِاعظم بھی (وزیراعظم بادشاہ سلامت خود ہیں)، اس کے ساتھ وزیرِ دفاع کا منصب، مختلف کونسلوں کی سربراہی بھی سنبھالے ہوئے ہیں یوں سمجھ لیں کہ سعودی عرب میں جدھر دیکھتا ہوں ادھر تو ہی تو ہے۔
دونوں میں مہاجرین بھی قدرِ مشترک ہیں۔ وہ مہاجرین کی پیداوار بڑھانے میں حصہ لیتے ہیں اور یہ ان مہاجرین کی مدد کر رہی ہیں۔ ایک فیشن ڈیزائنر ہے تو دوسرا اپنی مملکت کو نیا فیشن دے رہا ہے۔
عثمان جامعی شاعر، قلم کار، مزاح نگار، بلاگر، صحافی ہیں۔ آپ کی تین کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جن میں فکاہیہ مضامین کا مجموعہ ’کہے بغیر‘، شعری مجموعہ ’میں بس ایک دیوار‘ اور کراچی کے حوالے سے ناول ’سرسید، سینتالیس، سیکٹرانچارج‘ شامل ہیں۔ آپ اس وقت ایک اخبار میں بطور ’سنڈے میگزین‘ انچارج ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔
