Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2019 09:43pm

ڈی پورٹ کی کوشش پر امریکی خاتون کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر لیٹ کر احتجاج

ایک معمر امریکی خاتون کو پاکستان میں داخل ہونے سے پر روکنے اور ڈی پورٹ کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ احتجاجاً اسلام آباد ائیرپورٹ کے فرش پر لیٹ گئی۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ مرے ماڈ اتوار کو مانچسٹر سے پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچی تھیں۔

اس خاتون کو پاکستان میں حکام نے مبینہ طور پر بلیک لسٹ کیا ہوا تھا اور اس وجہ سے ائیرپورٹ کے عملے نے انہیں ڈی پورٹ کرنے کی کوشش کی تو مرے ماڈ نے چیخنا شروع کردیا اور احتجاج کرتے ہوئے فرش پر لیٹ گئیں۔

سوشل میڈیا پر وہیل چیئر پر سوار اس خاتون کی تصاویر بھی گردش کرتی رہیں۔

فوٹو بشکریہ گلف نیوز

یہ واضح نہیں کہ اس خاتون پر پاکستان میں داخلے پر پابندی کیوں ہے اور بلیک لسٹ کیوں کیا گیا، تاہم اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے رابطہ کرکے معامل حل کرنے کا کہا گیا۔

رواں سال کے شروع میں ایک اور امریکی خاتون سونیا سیتا کو بھی اسلام آباد ائیرپورٹ سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا تھا کہ یہ خاتون اسلام آباد ائیرپورٹ پر ویزے کے بغیر پہنچ گئی تھی۔

موجودہ واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کے پرلطف تبصرے بھی کیے جیسے ایک نے لکھا 'دیکھیں، غیرملکیوں نے اب پاکستان آنا شروع کردیا ہے'۔

Read Comments