دنیا کا پہلا ایچ آئی وی پوزیٹو اسپرم بینک قائم
اگرچہ دنیا بھر میں ’اسپرم بینک‘ موجود ہیں، تاہم نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے خطرناک وائرس ’ایچ آئی وی‘ میں مبتلا مریضوں کے اسپرم جمع کرنے کا بینک قائم کردیا۔
جی ہاں، نیوزی لینڈ میں تین مختلف اداروں نے مشترکہ طور پر مل کر ’ایچ آئی وی پوزیٹیو اسپرم بینک‘ کو قائم کیا ہے، جس میں اس مرض میں مبتلا افراد اپنے اسپرم عطیہ کر سکیں گے۔
برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق نیوزی لینڈ میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے منفرد اسپرم بینک کے قائم کیے جانے کے فوری بعد ایچ آئی وی میں مبتلا تین مرد حضرات نے اپنے اسپرم بھی عطیہ کردیے۔
’ایچ آئی وی اسپرم بینک‘ کو نیوزی لینڈ کے تین مختلف فلاحی اداروں ’نیوزی لینڈ ایڈز فاؤنڈیشن، پوزیٹو ویمن انشورنس اور باڈی پوزیٹو‘ نے مل کر قائم کیا ہے اور مذکورہ تنظیموں نے ملک بھر میں موجود ایچ آئی وی کے مریضوں کو اپنے اسپرم عطیہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
مذکورہ اسپرم بینک میں اگرچہ ایچ آئی وی مریضوں کے اسپرم رکھے جائیں گے، تاہم اس بینک میں عطیہ کردہ اسپرم دوسرے انسان میں منتقل ہونے کے بعد وائرس کو نہیں پھیلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں دوسری بار ایچ آئی وی ایڈز کا مریض وائرس سے کلیئر قرار
اسپرم بینک قائم کرنے والے ماہرین کے مطابق اس بینک میں ان ایچ آئی وی مریضوں کے اسپرم رکھے جائیں گے جنہیں یہ مرض لاحق تو ہے، تاہم ان میں اس مرض کی نوعیت اتنی بڑی نہیں ہوگی جو ان کے اسپرم دوسروں میں اس مرض کو منتقل کر سکیں۔