Dawn News Television

شائع 14 دسمبر 2019 12:11am

سردیوں میں میٹھا کھانے کے شوق کا نقصان جان لیں

سردیاں آنے کے بعد لوگوں میں میٹھا کھانے کا رجحان بھی بڑھ جاتا ہے مگر یہ عادت ایک دماغی مرض کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

کنساس یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سردیوں میں زیادہ میٹھا کھانے سے ڈپریشن جیسے عارضے کے آسان شکار افراد میں اس ذہنی عارضے کا خطرہ زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

اس موسم میں چینی سے بننے والی اشیا کا زیادہ استعمال میٹابولک، ورم اور دماغی حیاتیاتی عمل کو حرکت میں لاتا ہے جس کا تعلق ڈپریشن سے جوڑا جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل میڈیکل ہائیپوتھیسز میں شائع ہوئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سردیوں میں روشنی (سورج کی روشنی) کا دورانیہ کم ہوجاتا ہے جبکہ نیند کے عمل میں تبدیلیاں آتی ہیں جبکہ چینی کا استعمال زیادہ بڑھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ بیشتر افراد میں سردیوں میں سورج کی روشنی کا دورانیہ کم ہونے سے جسمانی گھڑی کے افعال تبدیل ہوجاتے ہیں، جس سے صحت بخش نیند متاثر ہوتی ہے اور 5 سے 10 فیصد افراد کو کلینیکل ڈپریشن کا سامنا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپریشن کی یہ علامات لوگوں کو زیادہ میٹھا کھانے پر مجبور کرسکتی ہیں۔

ان کے بقول سردیوں کے اس ڈپریشن سے چینی کی خواہش بڑھتی ہے اور ہمارے خیال میں 30 فیصد آبادی کو اس موسم کے ڈپریشن کی کچھ علامات کا سامنا ہوسکتا ہے اور وہ مسلسل میٹھا کھاتے رہتے ہیں۔

محققین کے خیال میں اس ایڈڈ شوگر یا چینی کی مقدار میں کمی لانا کسی چیلنج سے کم نہیں کیونکہ اس کے استعمال سے عارضی طور پر مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جب ہم میٹھا استعمال کرتے ہیں تو یہ ایک نشے کی طرح اثر کرتا ہے، جو مزاج پر فوری اچھے اثرات مرتب کرتا ہے مگر زیادہ مقداراور طویل المعیاد بنیادوں پر مزاج پر چڑچڑا پن طاری ہوتا ہے، ذاتی دیکھ بھال کا رجحان کم، ورم اور جسمانی وزن میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

یہ بات پہلے بھی سامنے آچکی ہے کہ زیادہ چینی جسمانی اور نفسیاتی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

Read Comments