موسم سرما کے ساتھ ہی نزلہ زکام، فلو اور بخار کا سیزن بھی شروع ہوجاتا ہے اور لوگ بہت تیزی سے ادویات اور سیرپ وغیرہ خریدنا شروع کردیتے ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کچن میں موجود چند چیزیں اس حوالے سے ادویات سے زیادہ موثر فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور مضر اثرات کا امکان بھی نہیں ہوتا۔

ویسے تو سوپ کا استعمال بھی فائدہ پہنچا سکتا ہے مگر کچھ سبزیاں، پھل اور مشروبات آپ کو موسم سرما میں بھی ان عام بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔

جڑوں والی سبزیاں

وٹامن سی وہ اہم غذائی جز ہے جو سرد موسم میں موسمی نزلہ زکام کا دورانیہ کم کرنے کے ساتھ حالت کو بھی بہتر بناتا ہے، مالٹے اس کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے مگر جڑوں والی سبزیاں جیسے چقندر، گاجریں اور دیگر بھی یہ فائدہ پہنچاتی ہیں، گاجر کو تو آپ ایسے بھی کھاسکتے ہیں، ورنہ سالن یا سوپ میں ان کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

سبزچائے

سبز چائے سردیوں کے لیے بہترین گرم مشروب ہے، یہ ایسے منرلز اور وٹامنز فراہم کرتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سبز چائے دیگر کیفین والی چائے کے مقابلے میں صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے، اس میں موجود ایک اینٹی آکسائیڈنٹس وائرس کو مارتا ہے۔

جو کا دلیہ

جو کا دلیہ سردیوں کے لیے ایک صحت بخش انتخاب ثابت ہوسکتا ہے، اس میں زنک اور حل پذیر فائبر ہوتا ہے، زنک سے مدافعتی نظام کو مدد ملتی ہے جبکہ فائبر جسم کو گرمائش کا احساس دینے کے ساتھ پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے۔

انار

سردیوں کا یہ پھل بہت کم عرصے تک ہی دستیاب ہوتا ہے اور اس کو چھیلنا کافی مشکل لگ سکتا ہے، یہ پھل اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش ہوتا ہے جو نزلہ زکام کو دور رکھنے میں مدد دیتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ دل کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم کرتا ہے۔

آلو

سردیوں میں جسم گرمائش مانتا ہے اور آلو جسم کو گرمی فراہم کرسکتے ہیں، آلو کھانے سے دوران خون کا نظام بہتر ہوتا ہے اور جسمانی کاموں کے لیے ایندھن بھی ملتا ہے۔

میٹھا کدو

نارنجی رنگ کا یہ کدو بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے اور فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ بھی ہے جو سردیوں کی طویل راتوں میں بے وقت منہ چلانے کی عادت کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے جبکہ موسمی نزلہ زکام سے بھی تحفظ ملتا ہے۔

لہسن

جراثیم کش خاصیت سے بھرپور یہ سبزی موسم سرما کے مخصوص بیکٹریا اور وائرسز وغیرہ کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتی ہے۔ اس میں شامل جز الیسین انفیکشنز کو بلاک کرتا ہے اور چکن سوپ کے ساتھ اسے استعمال کریں آپ کو اس کے فوائد یقیناً حیران کرکے رکھ دیں گے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں