Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2019 06:01pm

راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی بارش کی نذر

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز وقفے سے وقفے سے جاری بارش کے نتیجے میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے کھیل شروع ہوئے بغیر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ بارش کی وجہ سے چوتھے روز کا کھیل ختم کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بارش کے بعد آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ کا آغاز وقت پر نہیں ہوسکا تھا اور پھر کھانے کے وقفے کے بعد دوپہر ایک بجے کے بعد میچ شروع ہوا تھا۔

میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا تو دھننجیا ڈی سلوا 72 رنز اور دلروان پریرا 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

تیسرے روز صرف 5.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا جبکہ میچ کا آغاز تاخیر سے ہونے کے بعد دھننجیا ڈی سلوا اور دلروان پریرا نے ٹیم کے اسکور کو 282رنز پر پہنچایا ہی تھا کہ خراب روشنی کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں اب تک 4 دن میں صرف 91.5 اوورز کرائے گئے ہیں جس کے بعد یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

اس ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل بری طرح متاثر ہوا تھا اور پورے دن میں صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔

سری لنکا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 263رنز بنائے تھے۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے روز سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف 5وکٹ کے نقصان پر 202رنز بنائے تھے۔

پاکستانی ٹیم: میں کپتان اظہر علی کے علاوہ حارث سہیل، عابدعلی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمدرضوان، محمدعباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم: میں پہلے ٹیسٹ میچ میں نروشن ڈک ویلا، دھننجیا ڈی سلوا، دلروان پریرا، وشوافرنینڈو، کاسون راجیتھا، لہرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، اوشادافرنینڈو، کوشال مینڈس، انجیلومیتھیوز اور دنیش چندیمل سری لنکن ٹیم میں شامل ہیں۔

Read Comments