Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2019 12:39am

آئندہ سال ایم سی سی کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر وسیم خان نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم سی سی کی ٹیم نے دورے کی تصدیق کردی ہے اور وہ 50 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم سی سی کی قیادت کمار سنگاکارا کریں گے اور دورے کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کمار سنگاکارا اس وقت میریلیبون کرکٹ کلب کے صدر بھی ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ میں نیشنل اسٹیڈیم آنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، یہیں پر پاکستان میں آخری مکمل ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا اور سری لنکا کے خلاف اس میچ میں یونس خان نے سنچری اسکور کی تھی۔

اس موقع پر انہوں نے کراچی کے باسیوں کو میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گزشتہ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہم جنوبی افریقہ سے بھی بات کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان آ کر 3 ٹی20 میچ کھیلیں اور ہم چاہ رہے ہیں کہ وہ آئندہ سال مارچ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے پاکستان ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور اب وہ کھلاڑیوں کے جواب کے منتظر ہیں، ان کے بورڈ میں قیادت کی تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن ہم اس کے باوجود مثبت جواب کے لیے پرامید ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا اور دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ آئندہ ماہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے بھی دورہ پاکستان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Read Comments