Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020 04:09pm

پنجاب میں سرد موسم کے باعث موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع

پنجاب کے محکمہ تعلیم نے صوبے میں سخت سردی کی لہر کو دیکھتے ہوئے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو موسم سرما کی تعطیلات 12 جنوری تک بڑھانے کی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے جاری ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ صوبے میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے پیر 13 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں اسموگ سے معمولات زندگی متاثر، سرکاری و نجی اسکولز بند

ساتھ ہی صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس بات کی تصدیق کی کہ تعلیمی ادارے 12 جنوری تک بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں مغربی سسٹم داخل ہوا تھا، جس کے باعث بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے پہاڑی علاقوں، خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں اور جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں اسموگ کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے

اس کے ساتھ ساتھ بالائی پنجاب و خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی یہی پیش گوئی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2019 میں پنجاب حکومت لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اسموگ کی وجہ سے 3 مرتبہ سرکاری و نجی اسکولز بند کرنے پر مجبور ہوئی تھی۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ سندھ بھر میں سرد موسم کی صورتحال اور والدین کے تحفظات کے باوجود موسم سرما کی تعطیلات یکم جنوری کو ختم ہوگئی تھیں۔

Read Comments