Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020 01:24pm

5 فروری کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث اس دن کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ اس دن کی مناسبت سے پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا ہے۔

اس کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جوڑنے والے کوہالا، منگلا، ہولار اور آزاد پتن کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر بھی شہریوں نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف حصوں میں ریلیوں، جلسوں، سیمینارز اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے۔

Read Comments