Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 فروری 2020 04:36pm

اپنی زندگی پر بنی فلم کو دیکھنے کی منتظر ہوں، ثانیہ مرزا

بھارت کی واحد سپر ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ برس اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔

ثانیہ مرزا کی زندگی پر بائیوگرافی فلم بنائے جانے کی باتیں 2018 سے ہو رہی ہیں اور تاحال ان کی فلم کی پہلی جھلک سامنے نہیں آ سکی۔

گزشتہ برس فروری میں ثانیہ مرزا نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی تھی کہ ان کے اور فلم ساز رونی اسکرووالا کے درمیان فلم بنائے جانے کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنے گی

ٹینس اسٹار کے مطابق اگرچہ معاہدہ طے پا چکا ہے تاہم فلم بنائے جانے کی باتیں تاحال ابتدائی مراحل میں ہیں اور اب ایک سال بعد پھر ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ تاحال فلم بنائے جانے کے معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں۔

بھارتی اخبار ’دکن کیرونیکل‘ کے مطابق ثانیہ مرزا نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ ان کے اور فلم ساز رونی اسکرووالا کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ فلم بنائے جانے کے معاملات تاحال ابتدائی مراحل میں ہیں تاہم وہ اپنی زندگی کی کہانی سینما پردے پر دیکھنے کی بہت منتظر ہیں اور ساتھ ہی وہ پرجوش بھی ہیں۔

ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ایسی فلمیں بنائے جانے کی سخت ضرورت ہے جن میں شخصیات کی جدوجہد کو دکھایا جاتا ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ان سمیت بھارت کی کئی اسپورٹس شخصیات کا تعلق انتہائی مضبوط خاندانوں سے نہیں ہے اور وہ سب بڑی محنت اور جفاکشی کے بعد اپنی منزل پر پہنچے ہیں اور ان کی جدوجہد پر فلمیں بنائی جانی چاہیے۔

پاکستانی کرکٹر کی اہلیہ نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام کیا رکھا گیا ہے اور اس کی شوٹنگ کب تک شروع ہوگی اور ان کا کردار کون ادا کرے گا۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ فلم کے حوالے سے تاحال معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں اور انہیں امید ہے کہ جلد ہی ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم سینما پردے پر دکھائی جائے گی کیوں کہ وہ خود بھی فلم دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی

اگرچہ فلم ثانیہ مرزا کی پروفیشنل زندگی پر مبنی ہوگی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں ان کی ذاتی زندگی اور خصوصاََ شادی اور اس کے بعد کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔

ممکنہ طور پر فلم میں ان کے شوہر اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا بھی اہم کردار ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں ثانیہ مرزا کی زندگی پر ایک کتاب بھی شائع ہوچکی ہے، جس کا نام ' ایس اگینسٹ آڈز' رکھا گیا تھا۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 12 اپریل 2010 کو شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں دبئی منتقل ہوگئے تھے۔

شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

Read Comments