کراچی کنگز کو شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری فتح
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہوم ٹیم کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو بابر اعظم کے ساتھ شرجیل خان میدان میں اترے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 31رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم گزشتہ میچ کے برعکس ابتدائی اوورز میں کراچی کنگز کے بلے بازوں کو زیادہ کھل کر بیٹنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
میچ کے دوران اس وقت ایک تنازع کھڑا ہوا جب نسیم شاہ کی گیند پر بابر اعظم کا کیچ ہوا۔
گلیڈی ایٹرز نے بابر اعظم کے خلاف کیچ کی اپیل کی لیکن امپائر کی جانب سے آؤٹ نہ دیے جانے پر ریویو لے لیا تاہم اس اصل ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امپائر نے کافی دیر انتظار کے باوجود اسنیکو ٹیکنالوجی دستیاب نہ ہونے پر شک کا فائدہ بلے باز کو دیتے ہوئے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
اس مرحلے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا جبکہ سرفراز نے بھی معاملے پر امپائرز سے کافی بحث کی لیکن فیصلہ تبدیل نہ ہوا۔
البتہ اگلے اوور میں ٹائمل ملز نے بابر اعظم کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی، بابراعظم نے آؤٹ ہونے سے قبل 26 رنز بنائے۔
شرجیل خان پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد محمد نواز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
ایلکس ہیلز نے ایک اینڈ سے اطمینان سے بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ سے کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اس دوران وہ آؤٹ ہونے سے بھی بال بال بچے جب باؤنڈری پر سہیل خان ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے اور وہ باؤنڈری کے پار چلی گئی۔
تاہم وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور اگلے اوور میں چھکا مارنے کی کوشش میں سہیل خان کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے جبکہ اگلے اوور میں حسنین کی کاوش سے چیڈوک والٹن بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔
کراچی کنگز کو مشکل وقت میں ایلکس ہیلز سے بڑی اننگز کی امید تھی لیکن وہ بھی صرف 29 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی وکٹ بن گئے۔
گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے کپتان عماد وسیم بھی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
کرس جورڈن نے ٹائمل ملز کو ایک چوکا اور چھکا لگایا لیکن 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
عمید آصف نے اننگز کے آخری اوور میں محمد حسنین کو لگاتا دو چوکے لگائے لیکن تیسری گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔
کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، افتخار احمد نے 25رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ٹائمل ملز نے دو وکٹیں لیں۔