Dawn News Television

شائع 26 فروری 2020 03:24pm

مذاق کریں لیکن بے عزت کرنے کا کسی کو حق نہیں، جاوید میانداد

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز جاوید میانداد نے نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے اڑائے جانے والے مذاق پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر دوبارہ ایسا کیا گیا تو وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں مختلف ٹی وی چینلز پر اسپورٹس شوز کا سلسلہ جاری ہے جس میں کھیلوں کی مشہور و معروف شخصیات کے ساتھ ساتھ مزاح نگاروں کو بھی بلایا جاتا ہے۔

ان پروگرام کے دوران چند چینلز پر جاوید میانداد کا روپ دھارے مختلف مزاح نگاروں کو بلایا جاتا ہے جو ان کے مخصوص انداز میں گفتگو کرتے ہیں تاہم چند پروگراموں میں مزاح سے زیادہ تضحیک کا عنصر غالب نظر آتا ہے۔

اس تمام معاملے پر جاوید میانداد نے خصوصی ویڈیو کے ذریعے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے قربانیاں دینے والے اور خدمت کرنے والوں کی عزت کی جاتی ہے لیکن ہم ان کا مذاق اڑاتے ہیں، بات کو مذاق تک رکھیں اور باوقار انداز میں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چینلز پر میری 'ڈمی' بنا کر باقاعدہ نام لیا جارہا ہے تاہم میں انہیں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اگر آئندہ کسی نے براہ راست حملے کیے تو میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا اور آخری حد تک جاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چینلز کو چاہیے کہ وہ مذاق ضرور کریں لیکن اسے اچھے انداز میں انجام دیں تاکہ اس کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔

جاوید میانداد نے کہا کہ میں اس ملک کے لیے ہر چیز پر لڑا ہوں اور اگر کسی نے پاکستان اور اس کے لوگوں کے بارے میں کوئی بات کی تو میں نے اس کے لیے آواز بلند کی۔

متعدد مواقع پر پاکستان کی قیادت کرنے والے عظیم کرکٹر نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی کچھ غلط نہیں کیا اور جب فکسنگ کے معاملات سامنے آئے تو میں کرکٹ چھوڑ کر الگ ہو گیا، لوگ مجھے بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور اسی لیے میری عزت بھی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں نامناسب تھیں جو مجھے اچھی نہیں لگیں اور ایک ٹی وی پر باقاعدہ نام لے کر یہ سب کیا گیا، چینل چلانا ایک چیز ہوتی ہے لیکن بےعزت کرنے کا کسی کو حق نہیں۔

یاد رہے کہ جاوید میانداد کو 124 ٹیسٹ اور 233 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا حق حاصل ہے جس میں انہوں نے 16ہزار سے زائد رنز بنائے۔

Read Comments