کراچی کنگز کو 52رنز سے شکست، ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست
پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 52 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں محمد عامر کے خلاف معین علی مشکلات سے دوچار نظر آئے لیکن دوسرے اینڈ سے ذیشان اشرف نے جارحانہ انداز اپنایا۔
ذیشان نے عمید آصف کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور ان کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم باؤلنگ کے لیے افتخار احمد کو لائے اور ان کی پہلی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 23 رنز بنائے۔
اس کے بعد معین علی کا ساتھ دینے شان مسعود آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، معین علی نے ابتدا میں مدافعانہ بیٹنگ کی جس کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی جس میں شان مسعود کا حصہ صرف 11رنز کا تھا۔
معین علی 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
رلی روسو کا وکٹ پر قیام بھی انتہائی مختصر رہا اور وہ صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شان مسعود نے ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کی بدولت ملتان سلطانز ایک مشکل مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوئی۔