Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2020 01:57pm

محمد محسن پی ایس ایل سے باہر، یاسر شاہ زلمی کے اسکواڈ میں شامل

پشاور زلمی کے اسپنر محمد محسن انجری کے سبب پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ یاسر شاہ کو زلمی کے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

23سالہ لیگ اسپنر محمد محسن لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے اور میچ میں فیلڈنگ کے دوران ان کے بائیں ہاتھ کی دو انگلیوں کے درمیان چوٹ لگ گئی تھی۔

متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے یاسر شاہ کے نام کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی جس میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان،مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔

لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 2 میچز کھیلنے والے محمد محسن کو پشاور زلمی نے سلور کٹیگری میں منتخب کیا تھا۔

دوسری جانب یاسر شاہ تین ایڈیشنز میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ اب تک 23 ایچ بی ایل پی ایس ایل میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

Read Comments