پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل، پلے آف میچز ختم، فائنل 18مارچ کو ہو گا
کورونا وائرس کے سبب پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے شیڈول اور فارمیٹ میں تبدیلی کردی گئی ہے اور اب لیگ میں 34کے بجائے 33 میچز ہوں گے جبکہ پلے آف میچز کی جگہ سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔
کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے اور فائنل میچوں کی تاریخیں تبدیل کردی گئی ہیں اور 22مارچ کو شیڈول فائنل اب تاریخ کی تبدیلی کے بعد 18مارچ کو ہو گا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 10 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار
وائرس کے خطرے کے سبب لیگ کے شیڈول میں 4دن کم کر دیے گئے ہیں تاکہ ناصرف غیرملکی کھلاڑی باحفاظت جلد از جلد وطن واپس لوٹ سکیں بلکہ لیگ کو بھی بخیر و خوبی منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں دو سرفہرست ٹیموں کے درمیان ایک کوالیفائر اور دو ایلیمنیٹر میچز کھیلے جانے تھے لیکن اب ورلڈ کپ کی طرز پر سیمی فائنل میچز کا انعقاد ہو گا اور ان کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
نئے شیڈول کے تحت ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 17مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں راؤنڈ مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی ٹیم اور چوتھے نمبر کی ٹیم کے درمیان دوپہر 2بجے ہو گا۔
اسی دن قذافی اسٹیڈیم ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا جو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیموں کے درمیان شام 7بجے کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کا مذاق بنانے والے باسکٹ بال کھلاڑی میں وائرس کی تصدیق
ان دونوں میچز کی فاتح ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گی جو 18مارچ کو شام 7بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔