Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2020 05:40pm

اسکاٹ لینڈ کے سابق کرکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق

اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

ماجد حق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میری نظریں گھر واپسی پر مرکوز ہیں، پیسلے میں ہسپتال کا عملہ بہت اچھا تھا اور میں ان سب کا شکر گزار ہیں جنہوں نے مجھے میسیجز کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انشااللہ میں مکمل صحتیاب ہو کر واپسی کروں گا۔

برطانوی حکومت کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اب تک 266 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ انگلینڈ میں اب تک 3 ہزار 269 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

54 ون ڈے اور 21 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے ماجد حق نے آخری مرتبہ 2015 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

انہیں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 60 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل تھا لیکن 2019 میں سفیان شریف نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا تھا۔

کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اسکاٹ لینڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہیں۔

کورونا کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد دنیا بھر کے متعدد نامور کرکٹرز احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گوشہ تنہائی میں چلے گئے ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

Read Comments