Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2020 03:08pm

ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آگئے

پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی چند روز قبل امریکا سے پاکستان واپس آئے تھے جس کے بعد ان دونوں نے 14 روز کے لیے گھر والوں سے الگ رہنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا۔

جس کے بعد سے دونوں اداکاروں کے مداح ان کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کرنے لگے اور اب ہمایوں سعید نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کو آگاہ بھی کردیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا

ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر عدنان صدیقی کے ہمراہ ایک سیلفی شیئر کی۔

اس پر انہوں نے لکھا کہ ’عدنان اور میرے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں لیکن ہم مکمل 14 روز کے لیے قرنطینہ کریں گے اور ہر حفاظتی تدابیر اختیار کریں گے‘۔

انہوں نے مداحوں کے پیار اور دعاؤں کے لیے شکریہ بھی ادا کیا جبکہ سب کو گھروں میں رہنے کا پیغام بھی دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 878 ہوگئی ہے جبکہ اب تک اس وائرس سے 6 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ سال 31 دسمبر کو چینی حکام نے عالمی ادارہ صحت کو نوول کورونا وائرس کی وبا سے آگاہ کیا تھا جسے 20 فروری 2020 کو سارز کوو 2 کا نام دیا گیا جبکہ اس سے ہونے والی بیماری کو کووڈ 19 کا نام دیا گیا۔

یہ وبا چین کے شہر ووہان میں سامنے آئی تھی جس کے بعد اس نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

Read Comments