کورونا وائرس سے بچانے میں مددگار فیس ماسک گھر میں کیسے بنائیں؟
دنیا کے 190 ممالک میں پھیل جانے والی نئے نوول کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں فیس ماسکس کی مانگ میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
اس کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس ماسکس کی دستیابی مشکل ہوگئی ہے خصوصاً طبی عملے کو حفاظتی آلات کی کمی کا سامنا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ مختلف معروف عالی فیشن کمپنیوں کی جانب سے فیس ماسکس کی تیاری کی جارہی ہے جو ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ انفرادی سطح پر بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
ویسے اگر آپ کے پاس ایک سلائی مشین ہو تو آپ بھی یہ کام گھر میں کرسکتے ہیں۔
مگر پہلے یہ سمجھ لیں کہ اگر آپ بیمار نہیں تو ضروری نہیں کہ فیس ماسک کا استعمال کریں۔
عالمی ادارہ صحت نے زور دیا ہے کہ اگر آپ صحت مند ہیں تو آپ کو فیس ماسک کی ضرورت اسی وقت ہوسکتی ہے جب آپ کسی ایسے فرد کی نگہداشت کررہے ہوں، جس میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا شبہ ہو یا آپ کو چھینکیں یا کھانسی آرہی ہو۔
عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی یاد دلایا ہے کہ فیس ماسک اسی صورت میں موثر ہوتے ہیں جب آپ اپنے ہاتھ کو اکثر دھو رہے ہوں۔
مگر پھر بھی آپ ذہنی اطمینان کے لیے فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو یہ جان لیں کہ 2 طرح کے ماسک ایسے ہیں جو کورونا وائرس کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، یعنی سرجیکل ماسک اور این 95 ماسک۔
سرجیکل ماسکس تو آپ ڈاکٹر، ڈینٹسٹ اور نرسز کو اس وقت پہنے دیکھتے ہیں جب وہ کسی مریض کا علاج کررہے ہوتے ہیں، یہ ڈھیلا اور نسبتاً پتلا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ منہ سے خارج ہونے والے ننھے ذرات اس کے مختلف حصوں سے گزر کر بیمار کرسکتے ہیں۔