Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2020 09:43pm

سندھ حکومت نے نماز جمعہ پر پابندی کا اعلان کردیا

کورونا وائرس کے صوبے میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے نماز جمعہ پر پابندی کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات نے ایک جاری بیان میں کہا کہ کسی کو نماز جمعہ پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نماز جمعہ میں صرف مسجد کا عملہ شریک ہوگا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے 27 مارچ سے 5 اپریل تک مساجد میں نماز کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مساجد میں صرف 3 سے 5 افراد نماز ادا کرسکیں گے اور مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات بھی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ تمام مکاتب فکر کے علما کی مشاورت سے کیا۔

Read Comments