Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2020 01:26am

اسپین کی ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ بھی کورونا کا شکار

کورونا وائرس سے تیزی سے متاثر ہونے والے یورپی ملک اسپین کی ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئے۔

اسپین کی حکومت نے کورنا وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی ہیلتھ کمیشن بنائی تھی جو مسلسل وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے سمیت ہسپتالوں اور ماہرین صحت سے رابطے میں تھی۔

ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ 57 سالہ فرنانڈو سائمن گزشتہ کئی ہفتوں سے کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی متحرک تھے اور وہ اسپین کے وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کرتے رہتے تھے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 57 سالہ فرنانڈو سائمن کو کورونا وائرس سے متعلق کچھ علامات ظاہر ہوئیں تو انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا۔

فرنانڈو سائمن کے کورونا کے شکار ہونے کے بعد ان کی جگہ ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کی نائب سربراہ خاتون ماریہ جوز سیرا نے ذمہ داریاں سنبھال لیں اور انہوں نے ہی ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ کے کورونا میں شکار ہونے کی خبر کی تصدیق کی۔

ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کی ذمہ داریاں سنبھالنے والی ماریہ جوز سیرا نے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ اسپین میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آ رہے ہیں مگر ان کی رفتار گزشتہ ہفتے کے مقابلے کم ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے تک ہر 24 گھنٹے میں گزشتہ دن کے مقابلے 20 فیصد زیادہ کیسز سامنے آ رہے تھے، تاہم اب ان کی تعداد کم ہوکر 12 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: اسپین میں پہلی بار ریکارڈ 838 ہلاکتیں

ایمرجنسی ہیلتھ کمیشن کے سربراہ میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیر اعظم سمیت کئی اعلیٰ سرکاری عہدیداروں میں بھی کورونا کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم تاحال حکام نے اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی کہ دیگر عہدیدار اپنا ٹیسٹ کروائیں گے یا نہیں۔

اسپین میں کورونا وائرس کے مریض 30 مارچ کی دوپہر کو ہی چین سے زیادہ بڑھ گئے تھے اور شام تک وہاں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 85 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 340 تک جا پہنچی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے اسپین کی شہزادی ہلاک

اسپین میں گزشتہ تین دن سے یومیہ 700 سے 830 کے درمیان ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور محض آخری تین دن میں وہاں 3 ہزار کے قریب ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اسپین میں شاہی خاندان کا حصہ سمجھے جانے والے خاندان ہاؤس آف بوربون پرما کی ایک شہزادی بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوچکی ہیں۔

یہ خاندان اسپین کے شاہی خاندان کا ہی حصہ ہے اور یہ شاہی خاندان کے ددیال کے خاندانوں پر مشتمل ہے۔

اسی خاندان کی 86 سالہ شہزادی ماریہ ٹیریسا 29 مارچ کو کورونا کے باعث ہلاک ہوگئی تھیں۔

ہلاک ہونے والی 86 سالہ شہزادی اسپین کے بادشاہ فلیپ (4) کی کزن تھیں جبکہ ان کی موت کی تصدیق ان کے بھائی کی جانب سے کی گئی۔

Read Comments