Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2020 09:59am

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی، 7 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے چوبیس گھنٹے کے دوران شمالی وزیرستان اور مہمند میں خفیہ اطلاعات پر دو الگ الگ آپریشنز کیے۔

انٹیلی جنس کی بنیاد پر ان آپریشنز میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے گاؤں اِدیل خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی۔

آپریشن کے دوران محاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، جن کے قبصے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

دوسرا آپریشن مہمند میں کیا گیا جہاں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان: فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے کرنل شہید

دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز، شدت پسندی پر مائل کرنے والا لٹریچر اور بھارتی ساختہ ادویات بھی برآمد کی گئیں۔

یاد رہے کہ 9 مارچ کو صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 30 جنوری 2020 کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

دریں اثنا 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

Read Comments