شمالی وزیرستان: پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2020
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

شہادت پانے والے فوجی جوان—تصویر: آئی ایس پی آر
شہادت پانے والے فوجی جوان—تصویر: آئی ایس پی آر

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: سرحد پار سے دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کے 6 جوان شہید

فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی اسد خان اور سپاہی محمد شمیم شہید ہوئے۔

اس سے قبل 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

یکم دسمبر 2019 کو پاک-افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 نومبر 2019 کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

قبل ازیں 25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہی شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں