Dawn News Television

شائع 09 اپريل 2020 10:20pm

صبا قمر کا فون ہیک، انجان شخص کی جانب سے مینجر کو کالز موصول

پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر کا موبائل فون ہیک کرلیا گیا جس کے بعد اداکارہ کے موبائل فون سے کئی لوگوں کو کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں۔

اداکارہ کے موبائل ہیک ہونے کی خبر ان کی مینجر معشال چیمہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی۔

معشال چیمہ کے مطابق انہیں صبا قمر کے نمبرز سے کئی کالز موصول ہوئیں، جبکہ اس دوران فون پر ان سے کسی انجان شخص نے بات کی، حیران کن بات یہ تھی کہ اس دوران صبا قمر کے پاس ان کا فون موجود تھا۔

معشال نے مزید بتایا کہ ’مجھے صبا قمر کے فونز سے تقریباً 10 کالز موصول ہوئیں، کال پر اس انجان شخص نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں مشی بات کررہی ہوں‘۔

معشال چیمہ کے مطابق ’اس شخص کا کہنا تھا کہ اسے صبا قمر کا فون ایک پارک سے ملا اور پوچھنے پر کہ اس نے فون کس طرح استعمال کیا تو اس پر اس شخص نے بتایا کہ جب اسے فون ملا تو وہ لاک نہیں تھا، جب اس سے پوچھا وہ اس وقت کہا ہے تو وہ بار بار یہی سوال کرتا رہا کہ کیا یہ صبا قمر کا نمبر ہے جس پر مجھے غصہ آگیا جس کے بعد اس شخص نے کال کٹ کردی‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران صبا قمر اپنے گھر میں موجود تھیں اور یہ سوچ کر انہیں بےحد حیرانی ہوئی کہ کوئی ان کا فون کس طرح استعمال کررہا تھا۔

معشال چیمہ کے مطابق صبا قمر کا نمبر کسی ہاؤس پارٹی ایپ کے ذریعے ہیک کیا گیا، لاک ڈاؤن کے دوران اس ایپ کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

Read Comments