اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی رشتہ ازدواج میں منسلک

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2020
دونوں نے لاہور میں شادی کی — فوٹو: فیس بک
دونوں نے لاہور میں شادی کی — فوٹو: فیس بک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو معروف اداکار منظر صہبائی اور اداکارہ ثمینہ احمد نے شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا۔

دونوں اداکاروں نے رواں سال 4 اپریل کو لاہور میں شادی کی مختصر تقریب منعقد کی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ثمینہ احمد نے واضح کیا کہ ان کی شادی کی تقریب میں صرف ان کی اور منظر صہبائی کی فیملی شامل تھی اور کسی کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

اس دوران ثمینہ احمد سفید رنگ کی ساڑھی میں نہایت خوبصورت نظر آئیں، دوسری جانب منظر صہبائی نے بھی سفید جوڑا زیب تن کر رکھا تھا۔

جب ثمینہ احمد سے شادی کی دیگر تقریبات کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’کورونا وائرس کے باعث ہم اور تقریبات کس طرح منعقد کرسکتے ہیں؟ اور ویسے بھی ہم دونوں کیسے لگیں گے تقریبات منعقد کرتے ہوئے‘۔

یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، تاہم کچھ سالوں بعد ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو 70 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا۔

ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا۔

وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا۔

جبکہ وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

دوسری جانب 70 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

ڈراموں کی بات کی جائے تو حال ہی میں سامنے آئے ڈرامے ’الف‘ میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں