Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2020 11:17pm

کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کے ساتھ مختلف ممالک میں ماہ رمضان کا آغاز

دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اجتماعی عبادات اور مذہبی مقامات بند ہیں اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے سب سے اہم اور مقدس ماہ رمضان شروع ہوگیا ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، انڈونشیا، ملائیشیا سمیت متعدد اسلامی ممالک میں 24 اپریل کو رمضان المبارک کا آغاز ہوا جہاں کروڑوں افراد نے 24 اپریل کو پہلا روزہ رکھا اور 23 اپریل کی شب کو پہلی تراویح بھی ادا کی۔

25 اپریل سے دنیا کے دیگر تمام ممالک میں بھی رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہوگیا جو عالمی وبا اور اس کے پھیلاؤ میں کمی کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ماضی کے مقابلے میں درحقیقت مختلف ہے۔

کچھ اسلامی ممالک نے کورونا سے بچاؤ کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے لیکن اکثر ممالک مٰیں اجتماعی عبادات پر پابندی عائد ہے۔

عموماً رمضان المبارک می اجتماعی سحر و افطار کا انتظام اور اس ماہِ مقدس کی مناسبت سے روایتی کھانوں کے خصوصی اسٹال بھی لگائے جاتے ہیں لیکن اس بار ایسا کچھ نہیں۔

Read Comments