Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2020 02:01pm

بہن کی متنازع ٹوئٹ کی حمایت کنگنا کو مہنگی پڑ گئی

چند روز قبل جہاں بولی وڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن رنگولی چینڈل کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مسلم مخالف ٹوئٹ کرنے کے بعد معطل کیا گیا تھا وہیں اب کنگنا رناوت کے خلاف بھی پولیس میں شکایت درج کروادی گئی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے حال ہی میں اپنی بہن رنگولی چینڈل کی حمایت میں ایک ویڈیو ریلیز کی تھی۔

اپنی ویڈیو میں کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی ٹوئٹ بھی موجود ہوئی جسے جار حانہ کہا جاسکے تو وہ اور رنگولی خود عوام سے معافی مانگیں گی۔

مزید پڑھیں: مسلم مخالف ٹوئٹ کے بعد کنگنا رناوت کی بہن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

انہوں نے کہا تھا کہ ’میری بہن رنگولی نے ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو ڈاکٹرز اور پولیس پر حملہ کررہے تھے‘۔

کنگنا رناوت کے مطابق فرح علی خان اور ریما کاگتی جیسی شخصیات نے ان کی بہن پر جھوٹے الزامات لگائے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ علی کاشف خان نے کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چینڈل کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کنگنا رناوت اپنی مقبولیت اور پیسے کا استعمال کسی صحیح جگہ کرنے کے بجائے بھارت میں نفرت کو فروغ دے کر کررہی ہیں اور وہ اس میں اپنا فائدہ ڈھونڈ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ببیتا پھوگٹ کے موازنے پر زائرہ وسیم کا جواب

کنگنا رناوت نے اس شکایت کے حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا.

یاد رہے کہ رنگولی چینڈل جو کہ کنگنا کی مینجر بھی ہیں، انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارت میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن سے متعلق متنازع ٹوئٹ کی تھی جبکہ مولوی اور میڈیا کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش بھی کی تھی۔

رنگولی چینڈل کے علاوہ بھارتی ریسلر ببیتا پھوگٹ نے بھی بھارت میں موجود مسلمانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر متنازع بیان جاری کیا تھا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔

Read Comments