Dawn News Television

شائع 03 مئ 2020 05:10pm

مقبوضہ کشمیر: حملے میں بھارتی فوج کے کرنل، میجر سمیت 5 اہلکار ہلاک

بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے شروع کیے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ حملے میں کرنل سمیت 5 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہنڈوارہ میں رجواڑ کے مقام پر پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

تاہم اس دوران ہونے والے حملے میں بھارتی فوج کے کرنل، میجر سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت کرنل آشوتوش شرما، میجر انوج، لانس نائیک، رائفل مین اور پولیس سب انسپکٹر شکیل قاضی کے ناموں سے ہوئی۔

بھارتی فوج کے حکام نے کہا کہ آپریشن کے دوران 21 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ افسر دیگر 4 اہلکاروں کے ہمراہ ایک گھر میں داخل ہوئے تھے جہاں فائرنگ کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 9 کشمیری جاں بحق

انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو بازیاب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں سے جھڑپ میں 2 کشمیری نوجوان بھی جاں بحق ہوگئے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے دو واقعات میں جھڑپوں کے نتیجے میں 9 کشمیری جاں بحق اور تین بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

اس واقعے سے 24 گھنٹے قبل ہی جنوبی کلگام کے علاقے میں ایک اور جھڑپ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کیے جانے کے بعد سے متنازع وادی میں مستقل لاک ڈاؤن ہے اور کورونا وائرس کے سبب اس میں مزید سختی کردی گئی ہے۔

Read Comments