Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 اگست 2020 11:38am

مائیک ٹائسن کا روئے جونز جونیئر کے خلاف رنگ میں واپسی کا اعلان

سابق ورلڈ ہیوی ویٹ چمپیئن مائیک ٹائسن نے 15 برس بعد رنگ میں واپسی کا اعلان کردیا اور 12 ستمبر کو ان کا مقابلہ روئے جونز جونیئر سے ہوگا۔

مائیک ٹائسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں رِنگ میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے تمام کھیلوں کے عظیم کھلاڑیوں کو واپسی کرنے کا کہا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مائیک ٹائسن لاس اینجلس میں 12 ستمبر کو نمائشی مقابلے میں فورڈویژن ورلڈ چمپئن کا سامنا کریں گے۔

مقابلہ 8 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا اور اس مقابلے کے نشریاتی حقوق سوشل میڈیا اور میوزک ویب سائٹ ٹریلر نے حاصل کرلیے ہیں جو مقابلے سے قبل تیاریوں کو بھی نشر کرے گا۔

سابق عالمی چمپیئن کی رنگ میں واپسی کے موقع پر میوزک بھی ہوگا۔

یاد رہے کہ مائیک ٹائس نے رواں برس مئی میں اپنی ٹریننگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی تھی جس پر ان کے مداحوں نے باکسنگ میں واپسی پر زور دیا تھا۔

ویڈیو میں مائیک ٹائسن کو ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور آئی بی ایف کے ٹائٹل کو اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اسی ویڈیو میں پیغام تھا کہ 'میں واپس آگیا ہوں'۔

بعد ازاں مائیک ٹائسن کا کہنا تھا کہ وہ خیراتی اداروں کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے رنگ میں واپسی کے خواہاں ہیں جس کے بعد آئرن مائیک کے نام سے مشہور باکسر سے مقابلے کے لیے کئی نام سامنے آگئے تھے۔

خیال رہے کہ ریکار 7 بیلٹ حاصل کرنے والے 51 سالہ روئے جونز جونیئر نے آخری مرتبہ 2018 میں فائٹ کی تھی۔

علاوہ ازیں ٹائسن سے مقابلے کے لیے روئے جونز جونیئر سے قبل اطلاعات کے مطابق پرانے حریف ایوانڈر ہولی فیلڈ اور نیوزی لینڈ رگبی ٹیم کے عظیم کھلاڑی سونی بل ولیمز نے بھی مقابلے کے لیے اپنا نام دیا تھا۔

مائیک ٹائسن نے 20 سال کی عمر میں 1986 میں ٹریور بیربیک کو شکست دے کر کم عمر ترین ہیوی ویٹ چمپیئن بننے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

آئرن مائیک نے اپنے شان دار کیریئر میں 58 پروفیشنل مقابلوں میں 50 مرتبہ کامیابی سمیٹی اور 2005 میں کیون مک برائیڈ سے شکست کے بعد باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

Read Comments