Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 اگست 2020 07:58pm

ممتاز صحافی اطہر علی ہاشمی انتقال کرگئے

44 برس سے صحافت سے وابستہ سینئر صحافی اور روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر انچیف اطہر علی ہاشمی کراچی میں انتقال کر گئے۔

ان کی عمر 74 برس تھی، آج صبح فجر کے وقت نیند کی حالت میں وہ اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔

اطہر ہاشمی کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے حماد علی ہاشمی نے ان کے ہی فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کی۔

وہ نہ صرف اردو کے استاد تھے بلکہ ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو صحافت کرنا سکھائی۔

ان کا شمار عرب نیوز ویب سائٹ ’اردو نیوز‘ جدہ کے بانیوں میں ہوتا تھا اس کے علاوہ وہ روزنامہ امت کے ڈپٹی ایڈیٹر انچیف بھی بنے، اور روزنامہ جنگ لندن سے بھی وابستہ رہے۔

اطہرعلی ہاشمی نے قائداعظم يونيورسٹی سے پروفيسر احسان احمد وانی کي سربراہی ميں علا الدين خلجی کی معاشی پاليس پر مقالہ لکھ کر ايم فل کي ڈگری حاصل کی تھی۔

اطہر علی ہاشمی کو زبان و بیان پر گہری گرفت حاصل تھی۔

ان کا مشہور کالم ’خبر لیجیے زباں بگڑی‘ اردو دانی کے لحاظ سے سند کی حیثیت رکھتا ہے جس میں وہ اردو زبان کی بول چال میں رائج غلطیوں کی نشاندہی اور ان کی تصحیح کرتے تھے۔ مرحوم کا یہ کالم ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی پر بھی کئی عرصے سے شائع ہورہا ہے۔

اطہر علی ہاشمی کی نماز جنازہ آج دوپہر کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 12 میں ادا کی گئی اور بعد ازاں انہیں سچی حسن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

Read Comments