Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 اگست 2020 01:57pm

کیا آپ نے کراچی کے یہ 96 سیاحتی مقامات دیکھے ہیں؟

پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کو اگرچہ روشنیوں اور کاروبار کے مواقع دینے والے شہر کے طور پر جانا جاتا ہے تاہم یہ بیک وقت رومانوی اور خوابوں کا شہر بھی ہے۔

ملک کے بڑے شہر ہونے کے ناطے جہاں یہاں پر تقریبا ملک کی ہر کمیونٹی آباد ہے، وہیں اس شہر میں غیر ملکی ثقافت بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔

کراچی کے رہنے والے زیادہ تر افراد ایک درجن تک سیاحتی مقامات کے بارے میں جانتے ہیں اور چھٹی کا وقت وہ ان ہی مقامات پر گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں، جنہیں وہ پہلے سے جانتے ہیں۔

ایسے افراد ایک ہی جگہ پر بار بار جانے سے بوریت کا شکار بھی ہوجاتے ہیں اور پھر لوگوں سے سیاحتی مقامات پوچھتے پھرتے ہیں۔

کراچی میں سیاحتی مقامات کے حوالے سے نہ شہری اور نہ ہی صوبائی حکومت کی کوئی رہنما ویب سائٹ یا ایپلی کیشن ہے، اس ضمن میں کئی شہری سیاحتی مقامات کی کھوج میں عام لوگوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

لیکن اب ایک آرٹسٹ نے کراچی کے 96 اور اس کے گرد و نواح میں موجود دیگر 8 سیاحتی مقامات کو ایک نقشے میں دے کر کئی لوگوں کی مشکل آسان کردی۔

وژوئل آرٹسٹ اسام الطاف نے کراچی کے سیاحتی مقامات کا ایک میپ تیار کیا ہے، جس میں انہوں نے صوبائی دارالحکومت کے اہم ترین تفریحی مقامات کی نشاندہی کی ہے۔

اسام الطاف نے اپنے میپ میں کراچی کے گرد و نواح میں موجود انتہائی اہمیت کے حامل تفریحی مقامات کو بھی شامل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے یہ 16 سیاحتی مقامات ضرور دیکھیں

اسام الطاف نے اپنے کراچی کے ٹوئرسٹ میپ میں ہسپتالوں سے لے کر لائبریری، یونیورسٹیز، کالجز، کاروباری اداروں، شاپنگ مالز اور تاریخی عمارتوں کو سیاحتی مقامات میں شامل کیا ہے۔

کراچی ٹوئرسٹ میپ میں 80 تک عمارتوں کو شامل کیا گیا ہے جب کہ 16 پارکس، گارڈنز اور بیچز کو شامل کیا گیا ہے۔

اسی طرح کراچی کے گرد و نواح میں موجود دیگر 8 سیاحتی مقامات کو بھی کراچی ٹوئرسٹ میپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

گرد و نواح میں موجود سیاحتی مقامات میں 257 کلو میٹر کی دوری پر موجود تاریخی رنی کوٹ کو بھی کراچی ٹوئرسٹ میپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسی طرح کینجھر جھیل، ہنگول نیشنل پارک اور مکلی کے قبرستان کو بھی کراچی ٹوئرسٹ میپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اگرچہ اسام الطاف نے کراچی کے 96 اہم ترین سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی ہے، تاہم اس کے باوجود وژوئل آرٹسٹ اہم ترین مقامات کو میپ میں شامل کرنا بھول گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خوبصورت مگر خطرناک سیاحتی مقامات جو مسحور کردیں

اسام الطاف کے نقشے میں کراچی کے تاریخی قبرستانوں گورا قبرستان اور میوہ شاہ قبرستان شامل ہیں، مذکورہ قبرستانوں میں 500 سال سے بھی زائد پرانی قبریں موجود ہیں۔

میوہ شاہ قبرستان کا ایک حصہ یہودی قبرستان کے لیے مختص ہے جب کہ گورا قبرستان میں انگریز دور کے کچھ اہم حکام کی قبریں بھی موجود ہیں۔

اسی طرح کراچی ٹوئرسٹ میپ میں منگھوپیر اور گڈاپ کے علاقے میں موجود تاریخی مقامات کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

تاہم اسام الطاف نے کراچی ٹوئرسٹ میپ کو جاری کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کئی مقامات کو شامل نہیں، اس لیے کراچی کے لوگ مزید مقامات کو تلاش کرکے سیاحتی میپ میں اضافہ کریں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کراچی ٹوئرسٹ میپ جاری کرنے والے وژوئل آرٹسٹ کا تعلق سندھ کے دارالحکومت سے نہیں بلکہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے۔

کراچی ٹوئرسٹ میپ کا اعلیٰ ریزولیشن کا میپ یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔

Read Comments

کراچی کی یہودی مسجد

باتوں باتوں میں ڈینئل نے بتایا کہ اس کا اسرائیل خاص طور پر رام الله میں دل نہیں لگتا۔