Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اگست 2020 06:57pm

کورونا سے متاثر ہونے والے پہلے شہر ووہان کے تعلیمی ادارے آئندہ ہفتے کھولنے کا اعلان

نئے کورونا وائرس کی وبا ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی اور وہ کووڈ 19 کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے چین کا شہر بھی ہے، مگر اب وہاں آئندہ ہفتے سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقامی حکومت کی جانب سے 20 اگست کو اعلان کیا گیا کہ شہر بھر میں 2 ہزار 842 تعلیمی ادارے منگل (یکم ستمبر) سے کھولے جارہے ہیں اور لگ بھگ 14 لاکھ طالبعلم واپس لوٹ رہے ہیں جبکہ ووہان یونیورسٹی کو 31 اگست کو دوبارہ کھل جائے گی۔

مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ ہنگامی حالات کے لیے بھی منصوبے تیار کیے گئے ہیں اور خطرہ بڑھنے پر ایک بار پھر آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

طالبعلموں کو ہدایت کی گی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں آنے اور تدریس کے دوران فیس ماسکس کا استعمال کریں جبکہ جس حد تک ممکن ہو پبلک ٹرانسپورٹ سے گریز کریں۔

اسکولوں کو کووڈ 19 کے تحفظ فراہم کرنے والے آلات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ وبا کی نئی لہر کی تیاری کے حوالے سے ڈرلز اور تریبتی سیشنز کے انعقاد کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

تعلیمی اداروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ غیرضروری اجتماع کی روک تھام کریں اور طبی عہدیداران کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس جمع کرائیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ جن غیرملکی طالبعلموں اور اساتذہ کو ان کے تعلیمی اداروں سے نوٹس موصول نہیں ہوئے، انہیں واپسی کی اجازت نہیں ہوگی۔

ووہان دنیا کا وہ پہلا شہر تھا جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے پہلے یعنی 23 جنوری 2002 کو انتظامیہ نے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

ابتدائی طور پر چینی حکام نے شہر کو جزوی طور پر بند کیا تھا تاہم بعد ازاں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے شہر کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

یہ سخت ترین لاک ڈائون تھا جس کے ذریعے چینی حکام 2 ماہ کے عرصے میں اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے تھے اور 19 مارچ وہ دن تھا جب پہلی بار وہاں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

اس کے بعد لگاتار کئی دن کوئی کیس رپورٹ نہ ہونے پر 22 مارچ کو لاک ڈائون کو نرم کیا گیا۔

مارچ کے آخری ہفتے میں چین میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوئی تھیں اور اب وہاں جزوی طور پر تفریحی و عوامی مقامات کو کھولا جا چکا ہے جب کہ فضائی آپریشن بحال کرنے سمیت ٹرانسپورٹ کو بھی چلانے کی اجازت دی جا چکی ہے۔

7 اپریل کو چین میں اس وبا کے دوران پہلی بار کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور اگلے دن یعنی 8 اپریل کو ووہان میں لاک ڈائون کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا۔

26 اپریل وہ دن تھا جب ووہان کووڈ 19 کو مکمل طور پر شکست دینے میں کامیاب ہوگیا تھا اور ہسپتالوں میں کوئی مریض باقی نہیں رہا تھا۔

مگر پھر وہاں کئی ہفتوں بعد مئی میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے تو چینی حکام نے پورے شہر کے رہائشیوں کے ٹیسٹ کرنے کا حیران کن فیصلہ کیا۔

مئی کے بعد سے ووہان میں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی کے کیسز سامنے نہیں آئے، جبکہ مجموعی طور پر وہاں 3 ہزار 869 ہلاکتیں ہوئیں۔

Read Comments