Dawn News Television

شائع 29 اگست 2020 10:54pm

شیاؤمی کا انڈر ڈسپلے کیمرا فون آئندہ سال متعارف کرانے کا اعلان

شیاؤمی کا ڈسپلے کے اندر نصب کیمرے سے لیس کمرشل اسمارٹ فون اگلے سال صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ٹیکنالوجی تیکنیکی طور پر تھرد جنریشن ہے حالانکہ فرسٹ اور سیکنڈ جنریشن ورژن سے لیس اسمارٹ فون عام صارفین کے لیے متعارف نہیں کرائے گئے۔

شیاؤمی کی جانب سے اس نئی ٹیکنالوجی کا موازنہ ایک یوٹیوب ویڈیو میں ہول پنچ نوچ سے کیا گیا۔

چینی کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے نئے ورژن کی بدولت سیلفی کیمرا ڈسپلے کے سب پکسلز میں موجود خلا سے دیکھ سکے گا۔

کمپنی کے مطابق کیمرے کے اوپر موجود ڈسپلے کے حصے میں بھی پکسلز کی شرح باقی اسکرین جیسی ہی ہوگی تو وہ اچھی طرح چھپ جائے گا۔

شیاؤمی کا کہنا تھا کہ سیلفی کیمرا کارکردگی میں روایتی فرنٹ کیمروں جتنا ہی بہتر ہوگا۔

اگرچہ کمپنی نے کیمرا اچھی طرح چھپانے کا دعویٰ کیا ہے مگر ویڈیو میں ایک چھوٹا چوکر سایہ ڈسپلے میں ویڈیو میں 0:29 سیکنڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ چین کی ہی ایک کمپنی زی ٹی ای یکم ستمبر کو انڈر ڈسپلے کیمرے سے لیس پہلے کمرشل فون کو متعارف کرارہی ہے۔

ایکسون 2 نامی فون کی جھلک بھی کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی جس میں دکھایا گیا تھا کہ فون کی فرنٹ اسکرین پر کوئی ہول پنچ یا نوچ موجود نہیں اور مکمل بیزل لیس اسکرین نظر آرہی ہے۔

زی ٹی ای کے موبائل ڈیوائسز ڈویژن کے صدر نائی فی نے ایک اور تصویر بھی ویبو پر شیئر کی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بغیر کیمرے کی اسکرین پاور آن ہونے پر کیسی نظر آتی ہے۔

پاور آن ہونے پر صحیح معنوں پر اندازہ ہوتا ہے کہ فون میں کسی قسم کے بیزل نہیں، بس نیچے ایک پتلی سی لکیر نظر آرہی ہے۔

Read Comments