کیا یہ اب تک کا سب سے بہترین ڈیزائن والا اسمارٹ فون ہے؟

24 جون 2019
یہ دنیا کا پہلا آل اسکرین فون بھی ہوگا — فوٹو بشکریہ اوپو
یہ دنیا کا پہلا آل اسکرین فون بھی ہوگا — فوٹو بشکریہ اوپو

سیلفی کا شوق آج کے نوجوانوں میں بہت زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ مختلف کمپنیاں اپنے فونز میں فرنٹ کیمروں کے مختلف ڈیزائن پیش کرتی رہتی ہیں مگر اب پہلی بار ایسا فون متعارف ہونے والا ہے جس کا فرنٹ کیمرا اسکرین کے اندر نصب ہوگا۔

جی ہاں چینی کمپنی اوپو دنیا کا پہلا ان ڈسپلے کیمرا فون متعارف کرانے والی ہے جو کہ 26 جون کو شنگھائی میں شروع ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں سامنے آئے گا۔

اب تک پوپ اپ، سلائیڈ یا پنچ ہول سیلفی کیمرے والے فون تو سامنے آچکے ہیں مگر اوپو کا نیا فون ان سب سے مختلف ہوگا کیونکہ یہ دنیا کا پہلا آل اسکرین فون بھی ثابت ہونے والا ہے۔

اب چینی کمپنی نے اس فون کا پہلا ٹیزر جاری کردیا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا ڈیزائن کیسا ہوگا۔

اس ویڈیو میں اسمارٹ فون سیلفی کیمرے کے ارتقا کو دکھایا گیا ہے جیسے کلاسیک آئی فون جیسا ڈیزائن سے نوچ، سلائیڈر، پوپ اپ، پنچ ہول اور دیگر اور آخر میں ایسا کیمرا دکھایا گیا جو اسکرین میں گم ہوجاتا ہے۔

اوپو کی جانب سے 26 جون کو اس فون کو متعارف تو کرایا جائے گا مگر یہ صارفین کے لیے رواں برس کے آخر یا اگلے سال کی ابتدا میں دستیاب ہونے کا امکان ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں جو ٹیزر ویڈیو سامنے آئی تھی، اس کے بارے میں اوپو کے نائب صدر برائن شین نے کہا تھا کہ انڈر اسکرین کیمرا ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس مرحلے میں انڈر ڈسپلے کیمروں کے لیے عام کیمروں جیسے نتائج فراہم کرنا بہت مشکل ہے، کیونکہ اس ٹیکنالوجی میں آپٹیکل کوالٹی کم ہوجاتی ہے، تاہم کوئی بھی نئی ٹیکنالوجی اچانک ہی پرفیکٹ نہیں ہوجاتی۔

اس طرح کی ٹیکنالوجی پر صرف اوپو ہی نہیں بلکہ ایک اور چینی کمپنی شیاﺅمی بھی کام کررہی ہے جس نے بھی اس طرح کے انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرے والے ایک فون کا ٹیزر جون کے آغاز میں جاری کیا تھا۔

مگر اس کمپنی نے اس فون کو متعارف کرانے کی تاریخ کا فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں