Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 اگست 2020 06:39pm

پتنگ سے الجھ کر ہوا میں اڑنے والی بچی معجزانہ طور پر بچ گئی

پتنگ بازی کا شوق دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں مختلف انداز میں پایا جاتا ہے اور ہر کوئی اس سے لطف اندوز ہوتا ہے تاہم کبھی کبھی یہ شوق مہنگا بھی پڑجاتا ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بنتا ہے۔

کچھ ایسا ہی واقعہ تائیوان میں پیش آیا جہاں پتنگ بازی کے تہوار کے دوران ایک 3 سالہ بچی پتنگ کے ساتھ بلندی پر ہوا میں اڑتی دکھائی دی، خوش قسمتی سے اسے بچالیا گیا۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں بچی کو پتنگ کی دم میں الجھنے کے باعث دل دہلا دینے والے انداز میں 100 فٹ (30 میٹرز) کی بلندی پر اڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

پتنگ سے الجھی بچی کو ہوا میں اڑتے دیکھ کر خوف کا شکار فیسٹیول کے شرکا نے چیخنا شروع کردیا تھا جہاں وہ تیز ہوا میں پتنگ کی لمبی نارنجی دم کے ساتھ جھولتے ہوئے بے بسی کا شکار نظر آرہی تھی۔

ہوا میں اونچا اڑنے کے تقریباً 30 سیکنڈ بعد ہی ہجوم میں شامل افراد نے پتنگ کو واپس قابو میں لاکر بچی کو زمین کی جانب واپس کھینچا تھا۔

 مقامی نیوز رپورٹس نے صرف سر نیم لین سے بچی کی شناخت بتاتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر بچی کو معمولی زخم آئے۔

تاہم متوقع سانحے سے ہونے والی پریشانی کے باعث منتظمین نے تائیوان کے شمال مغربی شہر ہسینچو میں جاری فیسٹیول کو مختصر کرنے پر مجبور ہوگئے۔

  ہسینچو شہر کی حکومت کے عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ اچانک تیز ہوا کے جھونکا آیا جس کی وجہ سے پتنگ کی دم بچی کی کمر کے گرد لپٹ گئی تھی۔

خیال رہے کہ ہسینچو کا علاقہ تیز ہواؤں کے باعث جانا جاتا ہے اور اسی لیے پتنگ بازی کے فیسٹیول کے لیے اس جگہ کا انتخاب کیا گیا تھا۔

فیسٹیول میں شریک افراد کی جانب سے اس حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جسے لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کی سینٹرل نیوز ایجنسی بچی کو والدہ اور فیسٹیول انتظامیہ کے عملے کے ساتھ فوری طور پر ہسپتال منقل کیا گیا تھا لیکن معجزانہ طور پر اس کے چہرے اور گردن پر معمولی چوٹیں آئیں۔

بچی کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور وہ اب اپنے گھر پر ہے۔

دوسری جانب فیس بک پر جاری بیان میں میئر چی چائن نے حادثے پر معافی مانگی اور کہا کہ شرکا کی حفاظت کے پیش نظر فیسٹیول کو فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے حالات کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور ذمہ داران کا احتساب ہوگا۔

سی این ات کے مطابق گزشتہ روز فیسٹیول کے مقام پر ہوا غیر معمولی طور پر کافی تیز تھی اور 32 سے 81 میل فی گھنٹہ ( 50 سے 61 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے چل رہی تھی۔

Read Comments