Dawn News Television

شائع 07 ستمبر 2020 08:00pm

فلیگ شپ فیچرز سے لیس 'کم قیمت' اسمارٹ فون پوکو ایکس 3

شیاؤمی کی ذیلی کمپنی پوکو نے انا نیا اسمارٹ فون پوکو ایکس 3 این ایف سی پیش کردیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سب سے طاقتور 4 جی 700 پراسیسر سے لیس ڈیوائس ہے۔

درحقیقت یہ فون فلیگ شپ فیچرز سے لیس ہے مگر اس کی قیمت حیران کن حد تک کم ہے۔

ایکس 3 این ایف سی میں کوالکوم کا اسنیپ ڈراگون 732 جی پراسیسر دیا گیا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 6.67 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے جس میں 120 ریفریش ریٹ اور 240 ہرٹز ٹچ سمپلنگ ریٹ گیمنگ کے لیے دیا گیا ہے۔

فون کے اندر 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں۔

پوکو ایکس 3 این ایف سی میں طاقتور 5160 ایم اے ای بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے جبکہ باکس میں بھی 33 واٹ چارجر دیا گیا ہے۔

یو ایس بی سی پورٹ کے ساتھ ہیڈفون جیک بھی ڈیوائس کا حصہ ہے جبکہ ڈوئل اسٹیریو اسپیکرز بھی فون میں موجود ہیں۔

فون کے نام سے ہی واضح ہے کہ اس میں این ایف سی سپورٹ موجود ہے جبکہ وائی فائی، بلیوٹوتھ 5.1 اور ڈوئل سم سپپورٹ بھی دی گئی ہے، جس میں سے دوسری سلاٹ مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے طور پر بھی کام کرسکے گی۔

فون میں واٹر اور ڈسٹ سپلیش کا تحفظ دیا گیا ہے جبکہ گوریلا گلاس 5 فرنٹ اور پلاسٹک پینل بیک پر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق فون میں لیکویئڈ کول ٹیکنالوجی 1.0 پلس بھی مووجد ہے جو فون کا درجہ حرارت کم رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

پاور کی ہی فنگرپرنٹ اسکینر کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔

فون کے بیک پر کواڈ کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.73 آپرچر اور 6 پی لینس موجود ہے۔

اس کے علاوہ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا 119 ڈگری فیلڈ آف ویو کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ ایف 2.2 آپرچر موجود ہے۔

فون میں 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر اے آئی پورٹریٹ موڈ کے ساتھ ہے جبکہ 2 میگا پکسل میکرو کیمرا بھی دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق کیمرا سیٹ اپ میں کچھ اے آئی فیچرز جیسے اسکائی اسکیپنگ 3.0، نائٹ موڈ، شاٹ اسٹیڈی ویڈیو کسی بھی ویڈیو کلپ کو اسٹیبلائز کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

20 میگا پکسل فرنٹ کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

یہ فون مختلف ممالک میں 8 ستمبر سے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 229 یورو (لگ بھگ 45 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 269 یورو (52 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔

Read Comments