Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2020 06:39pm

ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ پر کورونا چھپانے کا الزام

سابق برطانوی فٹ بالر اور دو سوکر کلبس کے شریک مالک 45 سالہ ڈیوڈ بیکہم اور ان کی 46 سالہ فیشن ڈیزائنر و ماڈل اہلیہ وکٹوریہ ایڈم بیکہم کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہیں کہ وہ رواں برس مارچ میں کورونا کا شکار ہوئے تھے، تاہم انہوں نے اپنا مرض خفیہ رکھا۔

برطانوی اخبار دی سن نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ بیکہم رواں برس مارچ کے آغاز میں امریکی دورے کے دوران کورونا میں مبتلا ہوئے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہونے والی ایک پرتعیش پارٹی میں ممکنہ طور پر کورونا کا شکار ہوئے۔

ذرائع سے بتایا گیا کہ ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ مارچ میں اپنے سوکر بال کلب انٹر میامی کے کام کے حوالے سے امریکا گئے تھے اور اسی دوران انہوں نے لاس اینجلس میں ایک پرتعیش پارٹی میں شرکت کی، جہاں متعدد اہم شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

رپورٹ میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ پارٹی میں شرکت کے بعد دونوں میاں بیوی بیمار پڑ گئے اور انہوں نے اچانک واپس برطانیہ آنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق پارٹی میں شرکت کرنے کے بعد جہاں ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کورونا میں مبتلا ہوگئے، وہیں اسی پارٹی میں شرکت کرنے والے دیگر افراد بھی وبا میں مبتلا ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خود کو خوبرو نہیں سمجھتی، وکٹوریہ بیکہم

دونوں نے برطانیہ واپسی پر محسوس کیا کہ وہ دوسرے لوگوں میں کورونا پھیلانے کا اہم ذریعہ بن چکے ہیں تاہم اس کے باوجود انہوں نے برطانیہ واپسی پر ایک بیٹے کی 21 ویں سالگرہ کی پارٹی بھی منعقد کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں، میاں اور بیوی سمیت ان کے ڈرائیور، سیکیورٹی گارڈ اور دیگر ملازمین بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم اس کے باوجود انہوں نے اپنی بیماری خفیہ رکھی اور کسی کو کوئی اطلاع نہیں دی۔

ذرائع سے بتایا گیا کہ کورونا کی علامات شدید ہونے کے بعد وکٹوریہ نے اقدامات اٹھا کر اہل خانہ اور ملازمین کو 2 ہفتوں تک قرنطینہ کردیا اور بعد ازاں اینٹی باڈی ٹیسٹ میں ڈیوڈ اور ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ نے ڈاکٹرز اور دیگر صحت کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: ڈیوڈ بیکہم سے طلاق کی افواہوں پر وکٹوریہ نے خاموشی توڑ دی

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ نے دوسرے ممالک کے اپنے دورے منسوخ کردیے تھے اور حال ہی میں انہوں نے چھوٹے بیٹے کی 18 ویں سالگرہ کی پارٹی منعقد کرنے سے بھی گریز کیا۔

ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد برطانوی اور امریکی میڈیا میں ان کے خلاف خبریں شائع ہو رہی ہیں تاہم تاحال جوڑے نے ایسی خبروں پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

خیال رہے کہ وکٹوریہ بیکہم نے سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم سے جولائی 1999 میں شادی کی تھی، دونوں کے 4 بچے ہیں، جن میں سے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

جوڑے کا سب سے بڑا بچہ ان کی شادی سے بھی 3 ماہ قبل پیدا ہوا تھا، ان کے ہاں دوسرا بچہ 2002، تیسرا 2005 اور چوتھا 2011 میں پیدا ہوا تھا۔

ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کو نہ صرف برطانیہ بلکہ مغربی دنیا کا سب سے رومانوی جوڑا بھی قرار دیا جاتا رہا، دونوں کی محبت اور تعلقات کی چہ مگوئیاں دنیا بھر میں ہوتی رہتی ہیں۔

Read Comments