ساحر علی بگا اور صنم ماروی سمیت فنون لطیفہ کی شخصیات کو ایوارڈز دے دیے گئے

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2020
صنم ماروی کو گورنر سندھ نے ایوارڈ دیا—فوٹو: اے پی پی
صنم ماروی کو گورنر سندھ نے ایوارڈ دیا—فوٹو: اے پی پی

صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے اگست 2019 میں متعدد سول ایوارڈز کے لیے نامزد کی گئی 116 ملکی و غیر ملکی شخصیات کو یوم دفاع کے موقع پر ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔

عارف علوی نے 14 اگست 2019 کو مذکورہ شخصیات کو ایوارڈز دینے کا اعلان کیا تھا، جنہیں رواں برس 23 مارچ کو ایوارڈز دیے جانے تھے مگر کورونا کی وبا کے باعث انہیں مارچ میں ایوارڈز نہیں دیے گئے تھے۔

تاہم اب یوم دفاع کے موقع پر 7 ستمبر کو ایوان صدر اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز میں ایوارڈز دینے کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

ایوان صدر اسلام آباد میں 44 شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے تھے جب کہ باقی چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز میں باقی 76 شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈان اخبار کے مطابق پنجاب کے گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والی تقریب میں مجموعی طور پر 16 شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے جب کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق سندھ گورنر ہاؤس میں 9 شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

مجموعی طور پر ایوان صدر اور چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤس میں ہونے والی ایوارڈز تقریبات میں مجموعی طور پر فنون لطیفہ کی 22 شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ایوارڈز سے نواز دیا گیا

فنون لطیفہ کی 22 شخصیات کو تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہ امتیاز اور ہلال امتیاز ایوارڈز سے نوازا گیا۔

پنجاب کے گورنر چوہدری سرور نے پی ٹی وی سے فنی سفر کا آغاز کرنیوالے نامور گلوکار فضل جٹ، اے وطن، پاک وطن کے گلوکار غلام عباس، گلوکار وارث بیگ، صوفی گلوکار سائیں ظہور احمد، اداکارہ راحیلہ خانم المعروف دیبا خانم، مصور حسن مسرت، سینئر اداکار غلام محی الدین اور گلوکار ساحر علی بگا کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں مختلف شعبہ جات کے افراد نے شرکت کی—فوٹو: پی آئی ڈی
ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں مختلف شعبہ جات کے افراد نے شرکت کی—فوٹو: پی آئی ڈی

ساحر علی بگا اور سینئر اداکار غلام محی الدین کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

اسی طرح سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل نے بھی 7 ستمبر کو فیشن ڈیزائنر رضوان بیگ اور صوفی گلوکارہ صنم ماروی سمیت معروف مرحوم ادیب ابن صفی کو بھی بعد از مرگ ایوارڈ سے نوازا۔

سندھ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ایوارڈز تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بھی شرکت کی۔

اے پی پی کے مطابق عمران اسمٰعیل نے فیشن ڈیزائنر رضوان بیگ، ادیب ابن صفی، گلوکارہ صنم ماروی، آرٹسٹ فقیرو، معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی، موسیقار ذوالفقار علی قریشی اور طبلہ نواز خورشید حسن کو سول ایوارڈز سے نوازا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مفتی تقی عثمان اور مرحوم ابن صفی کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا جب کہ صنم ماروی اور فیشن ڈیزائنر رضوان بیگ کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

مزید پڑھیں: فہمیدہ ریاض کی بیٹی کا مرحوم والدہ کیلئے صدارتی ایوارڈ لینے سے انکار

سندھ اور پنجاب کی طرح خیبرپختونخواہ (کے پی) اور بلوچستان کے گورنر ہاؤس میں بھی ایوارڈز تقریب منعقد کی گئی۔

یاد رہے کہ معروف شاعرہ، ترجمہ نگار و لکھاری مرحوم فہمیدہ ریاض کو بھی صدر پاکستان نے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا تھا، تاہم مرحومہ کی بیٹی نے ایوارڈ لینے سے انکار کردیا تھا۔

فہمیدہ ریاض کی بیٹی ویرتا علی اجن نے چند دن قبل فیس بک پوسٹ کے ذریعے والدہ کو ملنے والا ایوارڈ احتجاجاً نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

مرحومہ کی بیٹی نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ مصنفین اور صحافیوں کو اغوا کیا جاتا ہے، ان پر تشدد کیا جاتا ہے یہاں تک کہ قتل کردیا جاتا ہے، ہراساں کرنے والوں کو ایوارڈ دیے جارہے ہیں اور کراچی کو سیوریج میں سڑنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں اپنی والدہ کے کام کے لیے صدارتی ایوارڈ لینے سے انکار کرتی ہوں، میں پُریقین ہوں کہ اگر وہ آج زندہ ہوتیں تو وہ بھی انکار کرتیں۔

تبصرے (0) بند ہیں