Dawn News Television

شائع 14 ستمبر 2020 06:46pm

فیس بک میسنجر پر اپنے پیاروں کے ساتھ اکٹھے ویڈیوز دیکھنا اب ممکن

فیس بک میسنجر میں ویڈیو کالز یا ویڈیو کانفرنسنگ ٹول رومز استعمال کرنے والے صارفین اب اپنے دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ اسمارٹ فونز پر رئیل ٹائم میں اکٹھے ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔

فیس بک کی جانب سے یہ اعلان 14 ستمبر کو کیا گیا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین سوشل نیٹ ورک کے ویڈیو ہب فیس بک واچ سے ویڈیوز اور شوز منتخب کرکے اپنے پیاروں کے ساتھ اکٹھے دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور ایپل موبائل ڈیوائسز کے صارفین کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

یہ نیا فیچر فیس بک کی جانب سے ویڈیوز کو توجہ دینے کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں لوگ سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں اپنا زیادہ وقت ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزار رہے ہیں۔

فیس بک کے مطابق اس وقت روزانہ 15 کروڑ سے زائد ویڈیوز کالز میسنجر پر کی جارہی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے میسنجر روم نامی ٹول متعارف کرایا گیا جس میں 50 افراد کو ویڈیو چیٹ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

فیس بک میسنجر کی پراڈکٹ منیجر اولیویا گریس نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ کچھ صارفین مختلف ویڈیوز کو اکٹھا دیکھنا پسند کرتے ہیں اور اب ایک ویڈیو کال پر ایسا ہوسکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ ایک صوفے میں اکٹھے ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ فون پر ممکن ہوسکے۔

فیس بک واچ ویڈیو ہب میں مختصر اور طویل ویڈیوز موجود ہوتی ہیں اور انہیں دیکھنے کے لیے کسی سبکرائپشن کی بھی ضرورت نہیں، بنیادی طور پر یہ ہب یوٹیوب کے مقابلے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

فیس بک نے رواں ماہ بتایا تھا کہ ہر ماہ ایک ارب 25 کروڑ سے زیادہ افراد فیس بک واچ پر جاتے ہیں، تاہم کمپنی نے ابھی میسنجر رومز استعمال کرنے والے افراد کے اعدادوشمار شیئر نہیں کیے۔

دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ اکٹھے ویڈیو دیکھنے کے لیے میسنجر ویڈیو کال یا میسنجر روم کو اسٹارٹ کریں اور پھر سوائپ اپ کرکے مینیو میں جاکر واچ ٹوگیدر کو منتخب کریں۔

Read Comments