Dawn News Television

شائع 15 ستمبر 2020 07:36pm

ویوو کا نیا اسمارٹ فون سب سے پہلے پاکستان میں متعارف

عام طور پر دنیا بھر میں نئے اسمارٹ فونز مختلف ممالک میں پہلے متعارف کرائے جاتے ہیں اور پاکستان میں ان کی آمد کئی ہفتوں یا مہینوں کے بعد ہوتی ہے۔

مگر ویوو کا نیا اسمارٹ فون وائے 51 دنیا میں سب سے پہلے پاکستان میں متعارف کرایا گیا ہے۔

ویسے ڈیزائن اور فیچرز کے لحاظ سے یہ کافی حد تک رواں سال اپریل میں متعارف کرائے جانے والے اسمارٹ فون ایس 1 پرائم سے ملتا جلتا ہے۔

ویوو وائے 51 میں 6.38 انچ کا فل ایچ ڈی پلس ایس امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں فنگرپرنٹ ریڈر اسکرین کے اندر نصب ہے۔

ڈیوائس کے اندر مڈرینج اسنیپ ڈراگون کوالکوم 665 پراسیسر دیا گیا جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے فن ٹچ او ایس 10 سے کیا ہے۔

اس کے علاوہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فون میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فون کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے دیئے گئے ہیں، جبکہ ٹاپ پر ایک نوچ میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ فیچرز کے لحاظ سے یہ فون چند ماہ پہلے متعارف کرائے گئے ویوو ایس 1 پرائم جیسا ہے بس اس میں اینڈرائیڈ 9 آپریٹنگ سسٹم اور فن ٹچ او ایس 9.2 کا امتزاج تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایس 1 پرائم خود ویوو ایکس لائٹ جیسا تھا۔

ویوو وائے 51 پاکستان میں بلیک، بلیو اور وائٹ رنگوں میں دستیاب ہوگا۔

یہ فون 18 ستمبر تک 36 ہزار 999 روپے میں پری آرڈر میں دستیاب ہوگا جبکہ 19 ستمبر سے مارکیٹوں میں دستیاب ہوگا۔

Read Comments