Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2020 07:21pm

تنقید کے بعد ’بیونسے شرما جائے گی‘ پر فلم ساز کی معذرت

اگرچہ پورے برصغیر میں گورے رنگ کا کامپلیکس ہے، تاہم بولی وڈ فلموں میں رنگت اور جسامت کو کچھ زیادہ ہی منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

ایسی ہی بولی وڈ کی آنے والی فلم ’خالی پیلی‘ کے ایک گانے میں معروف امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے کے نام کا گانا شامل کرکے ان کی تضحیک کی گئی تھی۔

فلم ساز مقبول خان کی آنے والی فلم ’خالی پیلی‘ کے گانے ’بیونسے شرما جائے گی‘ کو حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا مگر گانے کے ریلیز ہوتے ہی اس پر خوب تنقید کی گئی تھی۔

’بیونسے شرما جائے گی‘ میں اشان کھاتر اور اننیا پانڈے کو بولڈ انداز میں ڈانس کرتے دکھایا گیا تھا۔

گانے کی شاعری میں گوری رنگت کی حامل لڑکی یعنی اننیا پانڈے کو سراہتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر وہ رقص کریں گی تو انہیں دیکھ کر بیونسے بھی شرما جائے گی۔

شائقین نے گانے پر سخت رد عمل دیا تھا، کیوں کہ کئی افراد کا ماننا تھا کہ گانے کی شاعری میں بیونسے کا نام شامل کر کے سیاہ فام پاپ گلوکارہ کی تضحیک کرنے سمیت لڑکیوں کی کالی رنگت کے مقابلے میں گوری رنگت کو سراہا گیا ہے۔

گانے پر ابتدائی طور پر بھارت میں ہی تنقید کی گئی تھی تاہم بعد ازاں گانے پر امریکا اور یورپ سمیت دیگر ممالک کے بیونسے کے شائقین نے بھی تنقید کی تھی۔

لوگوں کی شدید تنقید کے بعد فلم ’خالی پیلی‘ کے ہدایت کار مقبول خان نے لوگوں سے معذرت کرتے ہوئے جاری کیے گئے گانے کو بھی ڈیلیٹ کرتے ہوئے نیا گانا بھی جاری کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شدید تنقید کے بعد فلم ساز نے تصدیق کی کہ گانے کے بول ’بیونسے شرما جائے گی‘ کو تبدیل کرکے نیا گانا بھی جاری کردیا گیا۔

مقبول خان کا کہنا تھا کہ گانے میں بیونسے کا لفظ شامل کرکے انہوں نے گلوکارہ کی تضحیک نہیں کی اور نہ ہی ان کی نیت ایسی ہی تھی۔

تاہم لوگوں کی تنقید کے بعد مذکورہ گانے کی شاعری میں ‘Beyonce’ کے لفظ کو ‘Beyonse’ میں تبدیل کردیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق نئے تبدیل شدہ گانے کو ابتدائی طور پر میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا گیا ہے تاہم اسے تاحال یوٹیوب سمیت مفت اسٹریمنگ دکھانے والی ویب سائٹس پر جاری نہیں کیا گیا۔

مقبول خان کی رومانٹک ایکشن فلم ’خالی پیلی‘ کو رواں برس جولائی میں ریلیز کیا جانا تھا، تاہم کورونا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کردی گئی تھی، لیکن اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر فلم کو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کردیا جائے گا۔

Read Comments