Dawn News Television

شائع 19 ستمبر 2020 11:11pm

نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر اکاؤنٹ بنا لیا

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹوئٹر' کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔

نواز شریف کے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنانے کا اعلان ان کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ 'مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستانی عوام کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے نواز شریف نے ٹوئٹر جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔'

مریم نواز کی اس ٹوئٹ کے کچھ دیر بعد ہی نواز شریف کے اکاؤنٹ سے پہلی ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے 'ووٹ کو عزت دو' لکھا۔

ان کے اس ٹوئٹ کو مریم نواز کی جانب سے ری ٹوئٹ بھی کیا گیا۔

نواز شریف کے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنانے کے چند گھنٹے کے اندر ہی ان کے فالوورز کی تعداد 55 ہزار سے زائد ہوگئی۔

مزید پڑھیں: اے پی سی میں نواز شریف کا خطاب نشر ہوا تو قانونی آپشنز استعمال کریں گے، شہباز گل

واضح رہے کہ اب تک نواز شریف کا کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی اکاؤنٹ سامنے نہیں آیا تھا اور اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے محض ایک روز قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز نواز شریف سے رابطہ کرکے انہیں اے پی سی میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا تھا۔

تاہم حکومتی اراکین یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور وہ نشر ہوا تو پیمرا سمیت دیگر قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم علاج کی غرض سے گزشتہ سال دسمبر سے لندن میں موجود ہیں۔

Read Comments